Bihar

نتیش کمار نے خواتین سے متعلق اپنے قابل اعتراض بیان پر معافی مانگی

165views

پٹنہ: بہار اسمبلی کے سرمائی اجلاس کے تیسرے دن وزیر اعلیٰ نتیش کمار جیسے ہی اسمبلی پہنچے تو بی جے پی کے ارکان اسمبلی اور ایم ایل سی نے انہیں گھیر لیا۔ اپوزیشن نے انہیں ایوان میں آنے سے روک دیا اور خواتین سے متعلق ان کے بیان پر وضاحت طلب کی۔ بی جے پی لیڈروں کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ نتیش کمار نے خواتین کے حوالے سے انتہائی قابل اعتراض بیان دیا ہے، اس لیے انہیں معافی مانگنی ہوگی۔ احتجاج کے بعد وزیراعلیٰ نے اپنے بیان پر افسوس کا اظہار کیا۔بہار کے وزیراعلیٰ نتیش کمار نے کہا کہ، “اگر میرے بیان سے کسی کی دل آزاری ہوئی ہے تو میں معافی چاہتا ہوں۔ بیان کا مقصد جذبات کو ٹھیس پہنچانا نہیں تھا۔ ہم خواتین کی بہتری کے لیے مسلسل کام کر رہے ہیں۔”

دوسری جانب بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کے آبادی کنٹرول کرنے سے متعلق خواتین پر قابل اعتراض بیان پر آل انڈیا مجلس اتحادالمسلمین کے صدر اسد ادین اویسی کا کہنا ہے کہ، “قانون ساز اسمبلی ایک مقدس مقام ہے، اس کی کچھ تقدیس ہے، یہ ایک بے ہودہ زبان تھی، وہ کہہ سکتے تھے کہ اگر خواتین کافی تعلیم یافتہ ہوں گی تو یہ فیصلہ کرنے کے قابل تھی کہ بچے کب پیدا ہوں لیکن اس کے بجائے انھوں نے اسے اپنے الفاظ اور اشاروں سے بیان کیا جو کہ نامناسب تھا ۔”

وہیں بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کے بیان پر وزیر مملکت برائے داخلہ اور بی جے پی لیڈر نتیانند رائے نے کہا کہ یہ بہت قابل اعتراض ہے، نتیش کمار نے جس طرح سے خواتین کے حوالے سے بیان دیا ہے، وہ غیر مہذب ہے، اور اس بیان کے حق میں تیجسوی یادو کا بیان بھی قابل اعتراض ہے۔ نتیش کمار اب وزیر اعلیٰ کے عہدے پر بنے رہنے کے قابل نہیں ہیں۔ آپ نے اس ملک کی ثقافت کو تباہ کر دیا ہے۔ انہیں معافی مانگ کر خود کو سیاست سے الگ کر لینا چاہیے۔ “

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.