ہومNationalبنگال اور تمل ناڈو میں بی جے پی کو تاریخی شکست ہوگی:...

بنگال اور تمل ناڈو میں بی جے پی کو تاریخی شکست ہوگی: اکھلیش یادو

اٹاوہ، 23 اپریل (یو این آئی) سماجوادی پارٹی (ایس پی) کے صدر اکھلیش یادو نے دعویٰ کیا ہے کہ مغربی بنگال اور تمل ناڈو میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو تاریخی شکست کا سامنا کرنا پڑے گا۔اکھلیش یادو چمبل علاقے کے اہیریا گاؤں میں منعقدہ 108 کنڈی وشنو یگیہ میں شرکت کے بعد صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ مذہب کا راستہ انصاف اور خوشحالی کا راستہ ہے، جس میں کسی قسم کا امتیاز نہیں ہوتا اور اسی مقصد سے وہ سنتوں کا آشیرواد لینے آئے ہیں۔وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کے ایک وائرل بیان پر طنز کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’’تم مجھے خون دو، میں تمہیں آزادی دوں گا‘‘ جیسے نعرے کا سیاق و سباق سمجھ سے بالاتر ہے۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی تاریخی شکست کی طرف بڑھ رہی ہے اور سماجوادی پارٹی کا مطالبہ ہے کہ عام مردم شماری کے ساتھ ذات پر مبنی مردم شماری بھی کرائی جائے تاکہ محروم اور پسماندہ طبقات کو پالیسی سطح پر ان کا حق اور احترام مل سکے۔اکھلیش یادو نے الزام لگایا کہ حکومت اپوزیشن کے ساتھ امتیازی سلوک کر رہی ہے اور سماجوادی پارٹی کو نشانہ بنایا جا رہا ہے کیونکہ وہ پسماندہ طبقات اور دلتوں کے حق میں کھڑی ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ریاست میں خواتین محفوظ نہیں ہیں اور بی جے پی خواتین کے مسائل کے تئیں سنجیدہ نہیں ہے۔اٹاوہ کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت ضلع کے ساتھ امتیاز برت رہی ہے اور زمینوں پر مافیا کا قبضہ بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے وعدہ کیا کہ اگر سماجوادی پارٹی کی حکومت بنی تو بھو مافیا کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔غازی پور کے واقعے کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی کارکنوں اور پولیس نے مل کر سماجوادی پارٹی کے افراد کے ساتھ بدسلوکی کی، مگر ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔

Jadeed Bharat
Jadeed Bharathttps://jadeedbharat.com
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.
مقالات ذات صلة
- Advertisment -
Google search engine

رجحان ساز خبریں

احدث التعليقات