ہومNationalبورکھیڑا چہارم قتل کیس میں بھساول کورٹ کا تاریخی فیصلہ

بورکھیڑا چہارم قتل کیس میں بھساول کورٹ کا تاریخی فیصلہ

ملزم مہندر بریلا کو دہری پھانسی کی سزا

جلگاؤں، 5 جون:۔ (ایجنسی) جلگاؤں ضلع کے راویر تعلقہ میں واقع بورکھیڑا گاؤں میں اکتوبر 2020ء میں پیش آنے والے 4 معصوم بہن بھائیوں کے سنسنی خیز قتل کیس میں بھساول ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے ایک تاریخی فیصلہ سنایا ہے۔ عدالت نے وحشیانہ جرم کا ارتکاب کرنے والے ملزم مہندر سیتارام بریلا کو ’دہری پھانسی‘ (سزائے موت) کی سزا سنائی ہے۔ واقعے کی تفصیلات کے مطابق، بورکھیڑا میں مصطفیٰ شیخ نامی شخص کے کھیت پر مزدوری کرنے والا خاندان 15 اکتوبر 2020ء کو اپنے سب سے چھوٹے بچے کے ساتھ مدھیہ پردیش واقع اپنے آبائی گاؤں گیا ہوا تھا، جبکہ ان کے چار بچے سائتا (13)، راول (11)، انل (8) اور سمن (3) کھیت کے جھونپڑے میں ہی موجود تھے۔ اگلی صبح فارم کے مالک نے ان چاروں بچوں کی لاشیں دیکھیں، جس کے بعد پولیس کو اطلاع دی گئی۔ اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر ایڈوکیٹ اجول نکم نے میڈیا کو بتایا کہ ملزم مہندر بریلا نے پہلے سب سے بڑی نابالغ لڑکی کے ساتھ جنسی زیادتی کی تھی اور بعد میں اپنے اس گھناؤنے جرم کا ثبوت مٹانے کے لیے دیگر 3 چھوٹے بہن بھائیوں کو بھی بیدردی سے موت کے گھاٹ اتار دیا۔ معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے اس وقت کے وزیر داخلہ انل دیشمکھ نے کیس کو فاسٹ ٹریک کورٹ میں چلانے کی ہدایت دی تھی اور اجول نکم کو خصوصی وکیل مقرر کیا تھا۔ عدالت میں سماعت کے دوران کل 27 گواہوں کے بیانات قلمبند کیے گئے۔ پولیس کے مضبوط شواہد اور استغاثہ کے دلائل کی بنیاد پر عدالت نے ملزم کو مجرم قرار دیتے ہوئے قتل اور عصمت دری کے جرائم کے لیے الگ الگ پھانسی کی سزا سنائی۔

Jadeed Bharat
Jadeed Bharathttps://jadeedbharat.com
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.
مقالات ذات صلة
- Advertisment -
Google search engine

رجحان ساز خبریں

احدث التعليقات