اتر پردیش کا باندہ 47.4ڈگری کے ساتھ ملک کا گرم ترین مقام
نئی دہلی، 29 اپریل:۔ (ایجنسی) پوری دنیا اس وقت غیر معمولی ہیٹ ویو (گرم لہر) کی زد میں ہے، لیکن ہندوستان اس کا سب سے بڑا مرکز بن کر ابھرا ہے۔ تازہ اعدادوشمار کے مطابق دنیا کے 100 گرم ترین شہروں میں سے 98 اس وقت ہندوستان میں ہیں۔ AQI.in کی رپورٹ نے انکشاف کیا ہے کہ ملک کے متعدد علاقوں میں درجہ حرارت 40 ڈگری سیلسیس سے تجاوز کر چکا ہے، جبکہ کئی مقامات پر معمول کے درجہ حرارت میں 5 ڈگری سے زائد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
اتر پردیش میں گرمی کا قہر اور احتیاطی تدابیر
سنیچر کے روز اتر پردیش کا ضلع باندہ 47.4 ڈگری سیلسیس کے ساتھ ملک کا گرم ترین مقام رہا۔ اس کے علاوہ الہ آباد میں 45.5، بنارس میں 45، جھانسی میں 44.8 اور غازی آباد میں 43 ڈگری درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔ شدید گرمی کے پیش نظر آگرہ، متھرا، فیروز آباد اور مین پوری میں دوپہر 12 سے شام 4 بجے کے درمیان مزدوروں کے کام کرنے پر پابندی لگا دی گئی ہے۔ 100 گرم ترین شہروں کی عالمی فہرست میں اکیلے اتر پردیش کے 37 شہر شامل ہیں۔
مختلف ریاستوں میں موسم کی صورتحال
رپورٹ کے مطابق مغربی بنگال کے 18، پنجاب کے 7، تلنگانہ اور چھتیس گڑھ کے 6-6، بہار اور اودیشہ کے 5-5، مہاراشٹر کے 4 اور اتراکھنڈ و آندھرا پردیش کے 2-2 شہر دنیا کے گرم ترین مقامات میں شامل ہیں۔ زیادہ تر شہروں میں پارہ 42 سے 45 ڈگری کے درمیان رہا۔ دہلی میں درجہ حرارت 43 ڈگری تک پہنچنے پر رام منوہر لوہیا اسپتال میں خصوصی ‘ہیٹ اسٹروک یونٹ ‘ قائم کیا گیا ہے، جہاں کولنگ ٹب اور 200 کلو برف بنانے والی مشینیں نصب کی گئی ہیں۔
حکومتی ہدایات اور مستقبل کی پیش گوئی
محکمہ موسمیات (IMD) نے آنے والے 7 دنوں تک پنجاب، ہریانہ، دہلی، راجستھان، اتر پردیش، مدھیہ پردیش اور جنوبی ہندوستان کے علاقوں میں گرم لہر برقرار رہنے کا اندیشہ ظاہر کیا ہے۔ ادیشہ میں پیر سے تمام سرکاری اسکول بند رکھنے کا حکم دیا گیا ہے، جبکہ کیرالہ میں عوام کو صبح 11 سے دوپہر 3 بجے تک گھروں میں رہنے اور ‘سیلف لاک ڈاؤن ‘ کی ترغیب دی گئی ہے۔ ماہرین نے مشورہ دیا ہے کہ شہری وافر مقدار میں پانی پییں، ہلکے رنگ کے سوتی لباس پہنیں اور بلا ضرورت دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں۔










Users Today : 2266
Users Yesterday : 3172
Users Last 7 days : 18128
Users Last 30 days : 54385
Users This Month : 81577
Users This Year : 997059
Total Users : 4593420