National

ہندوستانیوں کو دھوکہ دہی سے روس بھیجنے والے ایجنٹوں کے خلاف سخت کارروائی شروع: وزارت خارجہ

ہندوستانیوں کو دھوکہ دہی سے روس بھیجنے والے ایجنٹوں کے خلاف سخت کارروائی شروع
105views

نئی دہلی: وزارت خارجہ نے ان ایجنٹوں کے خلاف سخت کارروائی شروع کی ہے جو ہندوستانی شہریوں کو سیکورٹی گارڈ کی نوکری فراہم کرنے کے بہانے دھوکہ دہی سے روس بھیج رہے ہیں۔ وزارت خارجہ کا یہ بیان اس وقت سامنے آیا جب سی بی آئی نے ایجنٹوں سے منسلک 7 شہروں میں 10 سے زیادہ مقامات پر چھاپے مار کر ہندوستانیوں کو روس اسمگل کرنے والے ایک گروہ کا پردہ فاش کیا۔

ایک میڈیا بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے کہا، ’’جھوٹے بہانے اور وعدوں پر بھرتی کرنے والے بے ایمانوں اور ایجنٹوں کے خلاف سخت کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔‘‘ جیسوال نے کہا کہ ہندوستان نے وہاں پھنسے ہوئے اپنے شہریوں کی جلد از جلد رہائی کے لیے روسی حکومت کے ساتھ معاملہ سختی سے اٹھایا ہے۔

خیال رہے کہ سی بی آئی نے دہلی، ممبئی، چنئی، ترواننت پورم، امبالہ، چنڈی گڑھ اور مدورئی میں چھاپے مارے ہیں۔ کچھ مشتبہ افراد کو پوچھ گچھ کے لیے حراست میں بھی لیا گیا ہے۔ یہ مبینہ طور پر سامنے آیا ہے کہ ان کمپنیوں کے ذریعہ روس بھیجے گئے ہندوستانیوں کی تعداد 35 ہے۔

ترجمان نے کہا کہ ایجنسی نے چھاپے سے مجرمانہ شواہد اکٹھے کیے ہیں اور کئی ایجنٹوں کے خلاف انسانی اسمگلنگ کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

جیسوال نے کہا، ’’ہم نے ایک بار پھر ہندوستانی شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ایجنٹوں کی طرف سے روسی فوج میں ملازمتوں کی پیشکشوں سے متاثر نہ ہوں۔ یہ خطرے سے بھرا ہوا ہے اور جان جوکھم میں پڑ سکتی ہے۔ ہم روسی فوج میں معاون عملہ کے طور پر کام کر رہے اپنے شہریوں کی جلد رہائی اور وطن واپسی کے لیے پرعزم ہیں۔‘‘

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.