National

’کئی بار مہمانوں کے لیے نئی چادر بچھائی جاتی ہے‘، ٹکٹ نہ ملنے پر چھلک پڑا رمیش بدھوڑی کا درد

78views

بی جے پی کے ذریعے جاری کردہ لوک سبھا امیدواروں میں سے کئی موجودہ اراکین پارلیمنٹ کو ٹکٹ نہیں دیا گیا ہے۔ جنہیں ٹکٹ نہیں ملا ہے ان میں سے کوئی سیاست کو ہی خیرباد کہہ رہا ہے، تو کوئی خود کو پارٹی کی ذمہ داریوں سے ہی آزاد کرنے کی اپیل کر رہا ہے۔ لیکن کچھ ایسے بھی ہیں جو مسکرا کر پارٹی اعلیٰ کمان کے فیصلے پر راضی ہونے کی بات تو کہہ رہے ہیں، حالانکہ یہ کہتے ہوئے ان کے اندر کا درد چھلک جا رہا ہے۔ ایسے ہی لوگوں میں سے رمیش بدھوڑی بھی ہیں جن کا کہنا ہے کہ ’’کئی بار باہر سے آئے لوگوں کے لیے نئی چادر بچھائی جاتی ہے جبکہ گھر کے لوگ پرانی چادر پر ہی سوتے ہیں۔‘‘

واضح رہے کہ بی جے پی نے ہفتہ کو لوک سبھا انتخابات کے لیے اپنے امیدواروں کی پہلی فہرست جاری کی تھی۔ اس فہرست میں دہلی سے 5 امیدواروں کے ناموں کا اعلان کیا گیا جن میں سے 4 موجودہ ممبران پارلیمنٹ کے ٹکٹ منسوخ کرتے ہوئے نئے لوگوں کو موقع دیا گیا ہے۔ جن 4 لوگوں کو ٹکٹ نہیں دیا گیا انہی میں جنوبی دہلی کے ممبر پارلیمنٹ رمیش بدھوڑی بھی شامل ہیں۔ بی جے پی نے ان کی جگہ رامویر بدھوڑی کو ٹکٹ دیا ہے۔

نیوز پورٹل ’آج تک‘ کے مطابق بدھوڑی کے چہرے پر ٹکٹ منسوخ ہونے کا درد صاف طور سے دکھائی دے رہا ہے۔ میڈیا نے جب بدھوڑی سے بات کی تو انہوں نے نئے امیدوار کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ’’کئی بار باہر سے آئے مہمانوں کے لیے نئی چادر بچھائی جاتی ہے جبکہ گھر کے لوگ پرانی چادروں پر ہی سوتے ہیں۔‘‘ رمیش بدھوڑی نے مزید کہا کہ ’’پارٹی ہائی کمان نے کیا سوچا ہوگا، یہ ان کے علم میں ہوگا۔ ہم نظریات کے لیے لڑنے والے لوگ ہیں، ہم لوگ کارکن ہیں۔ اگر لوگ باہر سے پارٹی میں آتے ہیں تو ان کے لیے ایک نئی چادر بچھا دی جاتی ہے، جیسے گھر میں کوئی مہمان آتا ہے تو گھر والے پرانی چادر پر ہی سوتے ہیں۔ ایسے میں (مہمان کو) مضبوط دل کے ساتھ عزت و احترام کے ساتھ رکھنا ہوتا ہے۔‘‘

واضح رہے کہ بی جے پی نے ابھی تک مشرقی دہلی اور شمال مغربی دہلی کی سیٹوں سے امیدواروں کے ناموں کا اعلان نہیں کیا ہے۔ ٹکٹ کے اعلان سے پہلے ہی مشرقی دہلی کے ایم پی گوتم گمبھیر نے بی جے پی صدر جے پی نڈا کو خط لکھ کر سیاست سے کنارہ کش ہونے کا اشارہ دے دیا تھا، جبکہ مغربی دہلی سیٹ سے ہنس راج ہنس کے بارے میں ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.