دہلی کے سابق نائب وزیر اعلی اور عام آدمی پارٹی کے لیڈر منیش سسودیا کو دہلی آبکاری پالیسی معاملے میں جھٹکا لگا ہے۔ راؤز ایونیو کورٹ نے اس کیس سے متعلق سی بی آئی معاملے میں سسودیا کی عدالتی تحویل میں 15 مئی تک توسیع کر دی ہے۔ اس کیس کی اگلی سماعت اب 15 مئی کو ہوگی۔ دہلی آبکاری پالیسی کے ای ڈی کے معاملے میں سسودیا پہلے سے ہی 8 مئی تک عدالتی حراست میں ہیں۔
واضح رہے کہ ای ڈی اور سی بی آئی دونوں جانچ ایجنسیاں دہلی آبکاری پالیسی معاملے میں سسودیا کے رول کی جانچ کر رہی ہیں۔ سسودیا کو گزشتہ سال فروری میں گرفتار کیا گیا تھا۔ ای ڈی اور سی بی آئی نے دعویٰ کیا ہے کہ دہلی آبکاری پالیسی کے نفاذ اور تیاری میں بے ضابطگیاں ہوئی ہیں۔ عام آدمی پارٹی کے لیڈر اور دہلی کی کیجریوال حکومت کے کئی وزرا اس میں ملوث رہے ہیں۔ ای ڈی نے حال ہی میں عآپ کے قومی کنوینر کیجریوال کو اس کا اہم سازشی قرار دیا ہے۔
ای ڈی نے کیجریوال کو 21 مارچ کو گرفتار کیا تھا اور وہ فی الحال تہاڑ جیل میں عدالتی حراست میں ہیں۔ اس معاملے میں مرکزی تفتیشی ایجنسیوں کے دعووں پر عآپ نے جوابی حملہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ بی جے پی نے لوک سبھا انتخابات کے پیش نظر وزیر اعلیٰ کیجریوال کو گرفتار کیا ہے اور یہ سب سیاسی انتقام کے جذبے کے تحت کیا جا رہا ہے مگر دہلی کے لوگ ہمارے ساتھ ہیں۔