National

بامبے ہائی کورٹ کا بڑا فیصلہ، غیر امدادی اسکولوں کو آر ٹی ای ایکٹ کے تحت نہیں ملے گی چھوٹ

140views

 بمبئی ہائی کورٹ نے مہاراشٹر حکومت کی طرف سے جاری کردہ اس نوٹیفکیشن پر روک لگا دی جس میں ایک کلومیٹر کے دائرے میں سرکاری اسکول ہونے کی صورت میں غیرامدادی اسکولوں کو تعلیم کے حق (آر ٹی ای) کے تحت طلباء کو داخلے میں چھوٹ دی گئی تھی۔

چیف جسٹس ڈی کے اپادھیائے اور جسٹس عارف ڈاکٹر نے کہا کہ یہ مسئلہ ’عوامی مفاد‘ سے متعلق ہے اور 9 فروری کو جاری کردہ نوٹیفکیشن بچوں کے مفت اور لازمی تعلیم کے قانون 2009 کی دفعات کی خلاف ورزی ہے۔ اس قانون کو آر ٹی ای کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔ آر ٹی ای ایکٹ کے تحت پرائیویٹ غیر امدادی اسکولوں میں پہلی یا پری پرائمری کلاسوں میں 25 فیصد نشستیں معاشی طور پر کمزور یا پسماندہ طبقات کے بچوں کے لیے مختص ہونی چاہئیں۔ اس کوٹہ کے تحت داخلہ حاصل کرنے والے بچوں کو مفت تعلیم دی جاتی ہے اور ان کی ٹیوشن فیس حکومت کی طرف سے ادا کی جاتی ہے۔

جبکہ نوٹیفکیشن میں ایک شق یہ بھی شامل کی گئی تھی کہ ایک کلومیٹر کے دائرے میں سرکاری یا امدادی اسکولوں کی صورت میں، غیر امدادی اسکولوں کو معاشی طور پر کمزور اور محروم طبقوں کے بچوں کے لیے 25 فیصد نشستیں مختص کرنے سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔ پیر (6 مئی) کو کیس کی سماعت کرتے ہوئے بنچ نے کہا کہ اس طرح کا نوٹیفکیشن بچوں کو دی جانے والی مفت تعلیم کو متاثر کرے گا۔ عدالت نے کہا کہ بنیادی قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کوئی ذیلی قانون نہیں بنایا جا سکتا۔ بنچ نے کہا کہ نوٹیفکیشن ’اولین نظر‘ میں آئین کی خلاف ورزی ہے اور اگلے احکامات تک اس پر روک لگائی جاتی ہے۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.