West Bengal

لوکپال کی مہوا موئترا کے خلاف سی بی آئی تحقیقات کی سفارش

198views

نئی دہلی: کیش کے بدلے سوال معاملہ میں منگل کو لوکپال نے کہا کہ سی بی آئی ترنمول کانگریس لیڈر مہوا موئترا کے خلاف مقدمہ درج کرے اور ان کے خلاف الزامات کی تحقیقات کرے۔ لوکپال نے سی بی آئی کو 6 ماہ کے اندر تحقیقات مکمل کرنے اور رپورٹ پیش کرنے کا حکم جاری کیا۔

لوکپال نے اپنے حکم میں کہا، ’’ریکارڈ پر موجود تمام معلومات کا جائزہ لینے اور اس پر غور کرنے کے بعد اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ ان کے خلاف لگائے گئے الزامات، جن میں سے زیادہ تر کے پختہ شواہد موجود ہیں، خاص طور پر ان کے عہدے کو دیکھتے ہوئے، انتہائی سنگین ہیں، لہذا ہماری رائے میں حقیقت سے پرہ اٹھانے کے لئے اس معاملے کی مکمل چھان بین ضروری ہے۔‘‘

خیال رہے کہ بی جے پی کے لوک سبھا رکن پارلیمنٹ نشیکانت دوبے نے مہوا موئترا پر رقم اور تحائف کے بدلے پارلیمنٹ میں سوال پوچھنے کا الزام لگایا تھا۔ ان کا الزام تھا کہ مہوا موئترا نے دبئی کے تاجر درشن ہیرانندانی سے پیسے اور تحائف لینے کے بعد پارلیمنٹ میں سوالات کیے تھے۔

اس معاملے میں مہوا موئترا کو گزشتہ سال دسمبر میں لوک سبھا سے برخاست کر دیا گیا تھا۔ اپنی رپورٹ میں پارلیمنٹ کی اخلاقیات کمیٹی نے مہوا کو ’غیر اخلاقی طرز عمل‘ اور ’سنگین بدفعلی‘ کا قصوروار پایا تھا اور انہیں پارلیمنٹ سے برخاست کرنے کی سفارش کی تھی۔

مہوا مغربی بنگال کی کرشن نگر سیٹ سے ایم پی منتخب ہوئی تھیں۔ اس بار ایک بار پھر ترنمول کانگریس نے ان پر اعتماد ظاہر کیا ہے اور انہیں کرشن نگر لوک سبھا سیٹ سے ٹکٹ دیا ہے۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.