ڈونلڈ ٹرمپ جو منھ میں آرہا ہے ، بکے جا رہے ہیں:تیل کی قیمت پھر 100 ڈالر کے پار
کینٹکی، 12 مارچ (یو این آئی) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ایران کے خلاف جنگ جیت چکے،لیکن جلد نکلنا نہیں چاہتے ، اب جب تک مقصد پورانہیں ہوتا ایران سے واپس نہیں آئیں گے۔تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ریاست کینٹکی میں مڈٹرم الیکشن کی ایک بڑی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا ایران نے مشرق وسطیٰ پر قبضے اور اسرائل کو فارغ کرنےکی تیاری کرلی تھی لیکن امریکی فوج نےایسا حملہ کیا ہے کہ ان کو کچھ سمجھ نہیں آرہا۔امریکی صدر نے اعلان کیا ایران کے خلاف جنگ جیت چکے لیکن جلدی نکلنا نہیں چاہتے، ہم کو کوئی جلدی نہیں،ایران میں اپنا کام مکمل کریں گے، امریکہ کو ایران میں اپنا مقصد ہر حال میں حاصل کرنا ہوگا۔صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ گزشتہ 11 دنوں میں امریکی فوجی کارروائیوں نے ایران کی عسکری قوت کو مفلوج کر دیا ہے، ایرانی بحریہ کو سمندر میں ڈبو دیا اور آبنائے ہرمز میں بچھائی گئی بارودی سرنگوں کو ایک ہی رات میں ختم کر دیا، اس کارروائی میں بارودی سرنگیں بچھانے والے 31 ایرانی جہاز تباہ کیے گئے۔انھوں نے مزید کہا ایران کے پاس اب نہ تو فضائیہ بچی ہے اور نہ ہی ریڈار سسٹم کام کر رہے ہیں، ایران کی میزائل صلاحیت کا 90 فیصد اور ڈرونز کا 85 فیصد حصہ تباہ کر دیا گیا ہے۔ٹرمپ نے کہا کہ ایران کی ایٹمی صلاحیت کو صفحہ ہستی سے مٹا دیا گیا ہے اور اگر وہ اوباما دور کی ڈیل ختم نہ کرتے تو آج دنیا کو ایٹمی لیس ایران کا سامنا ہوتا، ایران میں “کام ادھورا چھوڑ کر” نہیں نکلیں گے۔امریکی صدر نے “آپریشن ایپک فیوری” (Operation Epic Fury) کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ نے پہلے ہی گھنٹے میں برتری حاصل کر لی تھی:
صدر نے یقین دہانی کرائی کہ ایرانی خطرہ ختم ہوتے ہی تیل کی قیمتیں مزید گریں گی۔ انٹرنیشنل انرجی ایجنسی قیمتوں میں کمی لانے کے لیے تیل کی فراوانی کو یقینی بنائے گی۔ریلی سے خطاب میں ٹرمپ نے الزام لگایا کہ ایران نے مشرقِ وسطیٰ پر قبضے اور اسرائیل کو ختم کرنے کی تیاری کر رکھی تھی اور کچھ لوگ گزشتہ 47 سال سے امریکیوں کو قتل کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ امریکی فوج نے ایسا کاری ضرب لگائی ہے کہ اب ان کو کچھ سمجھ نہیں آ رہا۔
ادھر ڈو نالڈ ٹرمپ اپنے قسم کی بکواس کر رہے تھے اور دوسری طرف خبر آگئی کہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت پھر 100 ڈالر سے تجاوز کرگئی۔ بین الاقوامی منڈی میں خام تیل کی قیمت 9.11 فیصد بڑھ کر 100.36ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی۔تفصیلات کے مطابق خلیج کے خطے میں تجارتی جہازوں پر حملوں اور اہم آئل ٹرمینلز کی بندش کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں اچانک بڑھ گئی ہیں۔سپلائی میں ممکنہ تعطل کے خوف سے برینٹ کروڈ کی قیمت 100 ڈالر فی بیرل کی سطح عبور کر گئی ہے۔عالمی منڈی میں برینٹ کروڈ کے سودے 9 فیصد اضافے کے ساتھ 100.22 ڈالر فی بیرل پر پہنچ گئے جبکہ امریکی خام تیل کی قیمت بھی 9 فیصد اضافے کے بعد 95.41 ڈالر فی بیرل ہو گئی ہے۔عراقی سیکیورٹی حکام کے مطابق عراقی حدود میں تیل بردار دو بحری جہازوں کو بارود سے بھری ایرانی کشتیوں نے نشانہ بنایا ، جس کے بعد عراق کی تیل کی بندرگاہوں پر آپریشنز معطل کر دیے گئے ہیں۔عمان نے حفاظتی اقدامات کے طور پر اپنے اہم ‘مینا الفحل’ آئل ایکسپورٹ ٹرمینل سے جہازوں کو نکال لیا ہے۔یاد رہے ایران نے عالمی برادری کو خبردار کیا ہے کہ وہ 200 ڈالر فی بیرل تک قیمتوں کے لیے تیار رہے۔خیال رہے بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی کی جانب سے تیل کے ذخائرجاری کرنے کی تجویز پرقیمت میں بڑی کمی ہوئی تھی لیکن صدر ٹرمپ کی جانب سے ایران پر حملے کی تازہ دھمکی کے بعد خام تیل کی قیمت میں پھر اضافہ ہورہا ہے۔



