غزہ، 16 مئی (یواین آئی) غزہ کی پٹی میں اسرائیلی محاصرے اور جنگ کے باعث خوراک و ادویات کی شدید قلت کے نتیجے میں ماؤں اور شیر خوار بچوں کی حالت انتہائی تشویشناک ہو گئی ہے جبکہ قحط کے خدشات بھی بڑھتے جا رہے ہیں۔بین الاقوامی ڈاکٹروں کی تنظیم ڈاکٹرز ود آؤٹ بارڈرز نے اپنی تازہ رپورٹ میں کہا ہے کہ غذائی قلت کے اثرات خاص طور پر حاملہ خواتین اور کم عمر بچوں میں واضح طور پر دیکھے جا رہے ہیں۔رپورٹ کے مطابق سال 2025 کے دوران زچہ و بچہ کی صحت، خوراک اور ادویات کی دستیابی کی صورتحال میں شدید ابتری ریکارڈ کی گئی۔تنظیم کے عہدیدار جیک لیتور نے اپنے مشاہدات بیان کرتے ہوئے کہا کہ رفح کے قریب امدادی سامان سے بھرے ٹرک اسرائیلی فوج کی جانب سے روکے گئے جبکہ کلینکس میں روزانہ غذائی قلت کا شکار مائیں اور بچے لائے جاتے رہے۔انہوں نے کہا کہ بعض خواتین کا وزن خوراک کی شدید کمی کے باعث صرف 35 کلوگرام تک رہ گیا تھا۔ڈاکٹرز ود آؤٹ بارڈرز کے اعداد و شمار کے مطابق جون 2025 سے جنوری 2026 کے دوران 201 غذائی قلت کا شکار ماؤں کا علاج کیا گیا، جن میں نصف سے زائد کو خان یونس کے انتہائی نگہداشت یونٹ میں داخل کرنا پڑا۔رپورٹ کے مطابق ان خواتین میں سے ایک چوتھائی نے ایسے حالات میں بچوں کو جنم دیا جب وہ خود شدید غذائی قلت کا شکار تھیں، جبکہ 90 فیصد بچے قبل از وقت پیدا ہوئے۔تنظیم کے مطابق مارچ 2026 تک غذائی قلت کا شکار بچوں کی تعداد تقریباً 5000 تک پہنچ گئی تھی، جن میں اکثریت پانچ سال سے کم عمر بچوں کی تھی۔اسی عرصے میں 3400 سے زائد حاملہ خواتین بھی علاج کیلئے کلینکس آئیں جنہیں شدید غذائی قلت اور صحت کے خطرات کا سامنا تھا۔جیک لیتور نے خبردار کیا کہ اگرچہ بظاہر صورتحال میں کچھ استحکام دکھائی دیتا ہے، تاہم گزشتہ چند ماہ کے دوران مزید 400 بچوں کو غذائی قلت سے پیدا ہونے والی پیچیدگیوں کے باعث کلینکس میں داخل کرنا پڑا۔انہوں نے کہا کہ رفح کے باہر امدادی سامان سے بھرے سینکڑوں ٹرک موجود ہیں لیکن ان میں سے صرف چند کو ہی غزہ میں داخل ہونے کی اجازت دی جاتی ہے۔ان کے مطابق زیادہ تر اجازت کاروباری سامان والے ٹرکوں کو دی جا رہی ہے جبکہ انسانی امداد لانے والی تنظیموں کے ٹرک محدود تعداد میں داخل ہو رہے ہیں۔
رپورٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ جنگ، بے روزگاری اور خوراک کی قلت کے باعث غزہ میں ماؤں اور بچوں کیلئے حالات مسلسل خطرناک ہوتے جا رہے ہیں اور خطے کو ایک بار پھر قحط جیسے بحران کا سامنا ہو سکتا ہے۔
غزہ میں غذائی قلت سنگین، مائیں اور شیر خوار بچے شدید متاثر
مقالات ذات صلة










Users Today : 2266
Users Yesterday : 3172
Users Last 7 days : 18128
Users Last 30 days : 54385
Users This Month : 81577
Users This Year : 997059
Total Users : 4595210