National

وزیر اعظم ہند مودی نائیجیریا پہنچے

70views

نئی دہلی/ابوجہ (نائیجیریا) 17 نومبر ( یو این آئی ) وزیر اعظم نریندر مودی اپنے پانچ روزہ غیر ملکی دورے کے پہلے مرحلے میں نائجیریا پہنچ گئے ہیں۔مسٹر مودی نائیجیریا کے صدر بولا احمد ٹینوبو کی دعوت پر مغربی افریقی ملک کا دورہ کر رہے ہیں۔ مسٹر مودی جب ابوجہ ہوائی اڈے پر پہنچے تو ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔صدر مسٹر ٹینوبو کا اظہار تشکر کرتے ہوئے، وزیر اعظم نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا ’’شکریہ صدر ٹینوبو ۔ اب سے کچھ وقت قبل نائیجیریا میں اترا ہوں۔ میں پرتپاک استقبال کے لیے اظہار تشکر کرتا ہوں۔ میری خواہش ہے کہ یہ دورہ ہمارے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید گہرا کرے گا۔اس سے قبل مسٹر ٹینوبو نے ایکس پر ہندوستانی وزیر اعظم کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ’’میں وزیر اعظم نریندر مودی کے پہلے دورہ نائجیریا پر ان کا استقبال کرنے کا منتظر ہوں۔ 2007 کے بعد کسی ہندوستانی وزیر اعظم کا میرے پیارے ملک کا یہ پہلا دورہ ہے۔ اپنی دو طرفہ بات چیت میں ہم دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک تعلقات کی توسیع اور اہم شعبوں میں تعاون کے فروغ پر بات کریں گے۔‘‘مسٹر مودی جب ابوجہ پہنچے تو لوگوں نے ان کا شاندار استقبال کیا۔ مسٹر مودی کے لئے نائجیریا کے لوگوں کے اعتماد اور احترام کی علامت کے طور پر، انہیں ابوجہ شہر کی چابی پیش کی گئی۔ وہاں رہنے والے مراٹھی برادری کے لوگوں نے وزیر اعظم کا خصوصی طور پر خیرمقدم کیا اور مراٹھی کو کلاسیکی زبان کا درجہ دینے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔مسٹر مودی کے استقبال کے لیے ایک گروپ نے لاوانی لوک رقص پیش کیا۔ ان کے استقبال کے لیے ایک نوجوان کوہ پیما بھی موجود ہے جس نے مسٹر مودی کی تصویر کے ساتھ ماؤنٹ کلیمن جارو کو سر کیا تھا۔اس سے پہلے، ایک خصوصی طیارے میں پالم ایئر بیس سے روانہ ہونے سے پہلے اپنے بیان میں، مسٹر مودی نے جی- 20 سربراہی اجلاس میں گلوبل ساؤتھ کی ترجیحات کو ذہن میں رکھا تھا اور ’’ایک زمین، ایک خاندان، ایک مستقبل‘‘ کے ہندوستان کے وژن کو ذہن میں رکھتے ہوئے نتیجہ خیز بحث کی امید ظاہر کی۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.