Sports

ہندوستان نے پہلی اننگ میں بنائے 445 رن، جواب میں انگلینڈ کی مضبوط شروعات

132views

ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان راجکوٹ میں کھیلے جا رہے تیسرے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن انگلش بلے بازوں نے ’بیز بال‘ کا بہترین نظارہ پیش کیا۔ ہندوستان نے اپنی پہلی اننگ میں 445 رن بنائے اور جواب میں انگلینڈ نے بہترین شروعات کی ہے۔ دوسرے دن کا کھیل ختم ہونے تک انگلینڈ نے 35 اوورس میں محض 2 وکٹ کے نقصان پر 207 رن بنا لیے ہیں۔ یعنی ہندوستان سے 238 رن ہی پیچھے ہیں۔ بین ڈکیٹ نے آج طوفانی انداز میں بلے بازی کی اور 118 گیندوں پر 2 چھکوں اور 21 چوکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ 133 رن بنا لیے۔ وہ کافی خطرناک دکھائی دے رہے ہیں۔

آج دوسرے دن کا کھیل جب شروع ہوا تو ہندوستان کا اسکور 5 وکٹ کے نقصان پر 326 رن تھا۔ پھر محض 5 رن جوڑ کر ہی پہلے دن ناٹ آؤٹ لوٹنے والے دونوں بلے باز پویلین لوٹ گئے۔ رویندر جڈیجہ نے 112 رن بنائے اور کلدیپ یادو نے 4 رنوں کا تعاون کیا۔ اس کے بعد دھرو جوریل اور آر اشون کے درمیان 77 رنوں کی انتہائی اہم شراکت داری ہوئی۔ اشون 37 رن بنا کر آؤٹ ہوئے اور اپنا پہلا ٹیسٹ میچ کھیل رہے جوریل بدقسمت رہے کہ نصف سنچری بنانے سے محروم رہ گئے۔ انھوں نے 104 گیندوں پر 3 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے 46 رن بنائے۔ پھر جسپریت بمراہ نے آتشی بلے بازی کرنی شروع کی لیکن مارک ووڈ کا شکار بن گئے۔ بمراہ نے 28 گیندوں پر 1 چھکا اور 3 چوکوں کی مدد سے 26 رن بنائے۔ محمد سراج 21 گیندوں پر 3 رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ اس طرح ہندوستان 130.5 اوورس میں 445 رن بنانے میں کامیاب ہوئی۔

انگلینڈ کی طرف سے مارک ووڈ نے سب سے زیادہ 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ انھوں نے 27.5 اوورس میں 114 رن دیے۔ ریحان احمد کے حصے میں 2 وکٹ آئے جنھوں نے 22 اوورس میں 85 رن دیے۔ باقی تین گیندبازوں جیمس اینڈرسن (25 اوورس میں 61 رن)، ٹام ہارٹلی (40 اوورس میں 109 رن) اور جو روٹ (16 اوورس میں 70 رن) کو 1-1 وکٹ ملے۔

انگلینڈ کی جب بلے بازی شروع ہوئی تو بین ڈکیٹ نے بہترین بلے بازی کا مظاہرہ کیا۔ پہلے وکٹ کے لیے زیک کراؤلی (15 رن) کے ساتھ انھوں نے 89 رنوں کی شراکت داری کی۔ وہ تیزی سے رن بناتے رہے اور سامنے والا ساتھی بلے باز ان کا ساتھ دیتا رہا۔ 39 رن بنانے والے اولی پوپ کے ساتھ ڈکیٹ نے 93 رنوں کی شراکت داری کی۔ دوسرے دن کا کھیل جب ختم ہوا تو بین ڈکیٹ 118 گیندوں پر 133 رن بنا کر ناٹ آؤٹ تھے۔ ان کے ساتھ جو روٹ بھی ناٹ آؤٹ لوٹے جنھوں نے 13 گیندوں پر 9 رن بنائے ہیں۔ انگلش ٹیم اب تک 35 اوورس میں 2 وکٹ کے نقصان پر 207 رن بنا چکی ہے اور ہندوستان کو زبردست مقابلہ دینے کے موڈ میں دکھائی دے رہی ہے۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.