West Bengal

لوک سبھا انتخاب: بی جے پی ’اپنوں‘ سے پریشان، اڈیشہ و بنگال کے 2 لیڈران ہوئے باغی، اپنی طاقت پر الیکشن لڑنے کا اعلان

89views

لوک سبھا انتخاب کے لیے تاریخوں کا اعلان ہونے کے بعد سے ہی سیاسی سرگرمیاں عروج پر ہیں۔ پارٹیاں لگاتار مختلف لوک سبھا سیٹوں کے لیے امیدواروں کا اعلان کر رہی ہیں اور ہر امیدوار اپنی جیت کو یقینی بنانے کے لیے متعلقہ انتخابی حلقہ کی عوام کو خوش کرنے میں لگا ہے۔ اس درمیان مرکز میں برسراقتدار بی جے پی کو کئی ریاستوں میں مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ کچھ بی جے پی امیدواروں نے تو الیکشن نہ لڑنے کا اعلان کر دیا ہے، اور کچھ لیڈران ایسے ہیں جو ٹکٹ نہ ملنے سے ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے باغیانہ رخ اختیار کر لیا ہے۔

بی جے پی کے لیے تازہ ترین بری خبر مغربی بنگال اور اڈیشہ سے سامنے آ رہی ہے جہاں رکن اسمبلی وشنو پرساد شرما اور کھربیلا سوین نے بغاوت کا پرچم بلند کر دیا ہے۔ مغربی بنگال کی کرسیانگ اسمبلی سیٹ سے بی جے پی رکن اسمبلی وشنو پرساد شرما نے تو بی جے پی امیدوار کے خلاف ہی کھڑے ہونے کا عزم ظاہر کیا ہے۔ انھوں نے پیر کے روز کہا کہ وہ دارجیلنگ لوک سبھا سیٹ سے اپنی ہی پارٹی کے امیدوار راجو بستا کے خلاف بطور آزاد امیدوار انتخاب لڑیں گے۔ حالانکہ انھوں نے یہ ضرور کہا ہے کہ وہ پارٹی نہیں چھوڑیں گے۔

وشنو پرساد شرما کا کہنا ہے کہ وہ آزاد امیدوار کی شکل میں انتخاب ضرور لڑیں گے، لیکن بی جے پی کو نہیں چھوڑیں گے۔ اس دوران پارٹی اپنی خواہش کے مطابق کوئی بھی ڈسپلنری کارروائی کر سکتی ہے، لیکن ان کا خود سے پارٹی چھوڑنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔ کرسیانگ لوک سبھا سیٹ سے بی جے پی امیدوار کے بارے میں انھوں نے کہا کہ بی جے پی نے دارجیلنگ سے باہر کے شخص کو موقع دیا ہے جو مناسب نہیں، بِستا میرے امیدوار نہیں ہیں۔ ہم کسی باہری شخص کو نہیں چاہتے۔ یہ بدقسمتی ہے کہ بی جے پی کو کوئی ’بھومی پتر‘ نہیں ملا۔ ایسے امیدوار عوام کے حقیقی مسائل کو نہیں اٹھاتے۔ بی جے پی پر طنز کستے ہوئے وشنو پرساد شرما نے کہا کہ یہ دارجیلنگ کے 17 لاکھ ووٹرس کے چہرے پر طمانچہ ہے۔

دوسری طرف اڈیشہ میں بھی کچھ ایسا ہی دیکھنے کو مل رہا ہے۔ یہاں بی جے پی لیڈر ایم اے کھربیلا سوین نے پیر کے روز بالاور سیٹ سے بطور آزاد امیدوار لوک سبھا انتخاب لڑنے کا اعلان کر دیا ہے۔ انھوں نے بھی پارٹی نہ چھوڑنے اور وزیر اعظم نریندر مودی کے نام پر انتخابی تشہیر کرنے کے ساتھ ساتھ انہی کے نام پر ووٹ مانگنے کی بات کہی۔ کھربیلا سوین نے یہ اعلان تب کیا ہے جب ایک دن پہلے ہی بی جے پی نے اپنے امیدواروں کی پانچویں فہرست جاری کی۔ اس فہرست میں بالاسور سیٹ سے بی جے پی اپنے موجودہ رکن پارلیمنٹ اور سابق مرکزی وزیر پرتاپ سارنگی کو موقع دیا ہے۔

کھربیلا سوین نے ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ میں آئندہ انتخاب میں بالاسور لوک سبھا سیٹ سے آزاد امیدوار کی شکل میں انتخاب لڑوں گا۔ میں پی ایم مودی کے نام پر انتخابی تشہیر چلاؤں گا۔ انھوں نے مزید کہا کہ عوام طے کرے گی کہ بی جے پی کا اصل امیدوار کون ہے۔ وہ کہتے ہیں کہ ’’بی جے پی نہیں چھوڑیں گے، لیکن پارٹی ان کے خلاف کارروائی کر سکتی ہے۔‘‘ سوین نے الزام عائد کیا کہ انھیں ٹکٹ نہیں دیے جانے کے لیے بی جے پی کے داخلی سازشی افراد ذمہ دار ہیں۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.