National

ہماچل پردیش میں 18 سے 59 سال کی خواتین کو ملیں گے ماہانہ 1500 روپے، ریاستی کابینہ نے دی منظوری

93views

کانگریس کی حکومت جن ریاستوں میں ہیں، وہاں اسمبلی انتخابات سے قبل کیے گئے وعدوں اور گارنٹی کو پورا کرنے کا سلسلہ لگاتار جاری ہے۔ اس ضمن میں ہماچل پردیش سے ایک بڑی خبر سامنے آ رہی ہے۔ وزیر اعلیٰ سکھوندر سنگھ سکھو نے آج ریاستی کابینہ کی ایک میٹنگ کی جس میں صدارت کرتے ہوئے انھوں نے مفاد عامہ سے متعلق کئی اہم فیصلے کیے۔ میٹنگ سے قبل تعمیرات عامہ کے وزیر وکرمادتیہ سنگھ وزیر اعلیٰ سکھو کی رہائش پر پہنچے، اور پھر وہاں سے دونوں کابینہ میٹنگ کے لیے پہنچے۔ اس میٹنگ میں 18 سے 59 سال کی خواتین کو ماہانہ 1500 روپے دینے کی منظوری مل گئی۔

دراصل ہماچل پردیش اسمبلی انتخاب 2022 کے دوران کانگریس کی طرف سے جو وعدے کیے گئے تھے، ان میں سے ایک وعدہ یعنی گارنٹی تھی 18 سال سے 59 سال کی اہل خواتین کو ’اندرا گاندھی پیاری بہنا سکھ سمّان ندھی‘ کی شکل میں ہر ماہ 1500 روپے دینا۔ آج سکھو کابینہ کی میٹنگ میں اس گارنٹی کو منظوری مل گئی۔ اس فیصلہ سے ریاست کی 18 سال سے زیادہ عمر کی سبھی اہل خواتین کو زندگی بھر کے لیے 1500 روپے ماہانہ پنشن کے تحت لایا گیا ہے۔ دو دن قبل ہی وزیر اعلیٰ سکھوندر سکھو نے اس ضمن میں پریس کانفرنس کر اہم اعلان بھی کیا تھا۔

اس درمیان سکھو کابینہ نے وزیر تعلیم روہت ٹھاکر کی صدارت میں ایس ایم سی اساتذہ و کمپیوٹر اساتذہ کے ایشوز کو پیش نظر رکھ کر بنائی گئی کابینہ ذیلی کمیٹی کی سفارشات پر بھی غور و خوض کیا۔ میٹنگ میں فیصلہ لیا گیا کہ 2401 ایس ایم سی اساتذہ کو محدود سیدھی بھرتی سے کانٹریکٹ بنیاد پر لایا جائے گا اور انھیں حکومت کی پالیسی کے تحت مقررہ مدت کار میں مستقل کر سرکاری خدمات میں شامل کیا جائے گا۔ کابینہ نے کمپیوٹر سائنس کے ترجمان کے 985 عہدے بھرنے کو بھی منظوری دے دی ہے۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.