
رانچی، 21 اکتوبر :- اتر پردیش کے گوتم بدھ نگر ضلع میں یمنا ایکسپریس وے پر ایک خوفناک حادثے میں پانچ افراد کی موت ہو گئی ہے، جب کہ تین افراد کی حالت تشویشناک ہے۔ حادثے کا شکار ہونے والے تمام افراد اصل میں جھارکھنڈ کے پلامو کے حسین آباد تھانے کے جاپلا کچرا گاؤں کے رہنے والے تھے۔ سبھی درگا پوجا کے موقع پر دہلی سے پلامو واپس گھر جا رہے تھے۔ بتایا جاتا ہے کہ گاڑی میں کل آٹھ افراد سوار تھے جن میں سے پانچ کی موقع پر ہی موت ہو گئی جبکہ تین بچے زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو جیور کے کیلاش ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ مرنے والوں میں اوپیندر بیٹھا (38)، بیجندر بیٹھا (36)، کانتی دیوی (30)، جیوتی (12)، سریش ولد شری کانت کامت بیٹھا (45) شامل ہیں۔ زخمیوں میں سورج (16)، آیوش (8)، آرین (10) شامل ہیں۔ سبھی جے جے کالونی فیز 3 مدن پور کھادر پولیس اسٹیشن کالندی کنج جنوبی دہلی میں رہتے تھے۔ بتایا جاتا ہے کہ یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب گریٹر نوئیڈا کے ربوپورہ تھانہ علاقے میں یمنا ایکسپریس وے پر گریٹر نوئیڈا سے آگرہ جاتے ہوئے جمعہ کی رات تقریباً 1 بجے ایک نامعلوم گاڑی نے کار کو ٹکر مار دی۔ سبھی یمنا ایکسپریس وے کے ذریعے ایکو کار میں دہلی سے جھارکھنڈ جارہے تھے۔
