کرناٹک کے بنگلورو شہر میں تین ہوٹلوں کو بم سے اڑانے کی دھمکی ملی ہے۔ یہ دھمکی جمعرات (23 مئی) کو ایک ای میل کے ذریعے دی گئی ہے، جس کے بعد پولیس نے تینوں ہوٹلوں میں سیکوریٹی بڑھا دی ہے۔ اس کے علاوہ بم اسکواڈ اور پولیس کی کئی ٹیمیوں کو تعینات کیا گیا ہے جبکہ شہر کی پولیس کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔
Bengaluru | A bomb threat mail was sent to three reputed hotels including The Oterra in the city today. Teams of Bomb Squad and Police are currently at The Oterra hotel: DCP South East Bengaluru pic.twitter.com/wUrtVEJkvQ
— ANI (@ANI) May 23, 2024
معلومات کے مطابق یہ دھمکی بھرا ای میل شہر کے ’دی اوٹرس‘ سمیت تین معروف ہوٹلوں کو موصول ہوا ہے۔ اس کی اطلاع ملتے ہی بم اسکواڈ اور پولیس کی ٹیمیں تینوں ہوٹلوں پر پہنچ گئیں۔ جنوبی مشرقی بنگلورو کے ڈی سی پی کے مطابق اطلاع ملتے ہی پولیس حرکت میں آگئی اور بم اسکواڈ کے ساتھ ایک ٹیم کو تینوں ہوٹلوں میں بھیج دیا گیا۔ فی الحال ٹیم موقع پر پہنچ کر تحقیقات کر رہی ہے۔ آس پاس کے علاقوں میں بھی سیکورٹی بڑھا دی گئی ہے۔ اس سے ایک دن قبل نارتھ بلاک میں واقع وزارت داخلہ کو بھی بم کی دھمکی کا ای میل موصول ہوا تھا۔ تاہم بعد میں یہ افواہ ثابت ہوئی۔
اس سے قبل 14 مئی کو بنگلورو کے 8 پرائیویٹ اسکولوں کو بھی بم کی دھمکیاں ملی تھیں۔ تفتیش کے دوران یہ محض افواہ ثابت ہوئی۔ اس کے باوجود پولیس نے اسکولوں کے ارد گرد سیکورٹی بڑھا دی تھی۔ واضح رہے کہ اس سے قبل اپریل 2024 میں دہلی-این سی آر، جے پور ، احمد آباد و اتر پردیش اور بنگلور کے کئی اسکولوں کو بم کی دھمکیوں والی ای میل بھیجی گئی تھیں، اس سے کافی خوف وہراس پھیل گیا تھا۔ بعد میں یہ تمام دھمکیاں بھی افواہیں ثابت ہوئیں تھیں۔ اس دھمکی کے بعد دہلی پولیس الرٹ موڈ پر ہے اور اس نے حفاظتی انتظامات بڑھا دیے ہیں۔ دہلی پولیس نے 17 مئی کو دہلی ہائی کورٹ میں ایک رپورٹ پیش کی جس میں اس نے شہر بھر میں پانچ بم ڈسپوزل اسکواڈ اور 18 بم ڈیٹکشن ٹیمیوں کی تعیناتی کی اطلاع دی تھی۔