National

امبالہ میں اندوہناک حادثہ، وشنو دیوی جانے والی منی بس اور ٹرک میں تصادم، 7 افراد ہلاک، 20 سے زائد زخمی

95views

نئی دہلی: دہلی-جموں قومی شاہراہ پر جمعہ کی صبح پیش آنے والے اندوہناک سڑک حادثے میں ایک ہی خاندان کے 7 افراد کی موت ہو گئی۔ امبالہ میں پیش آنے والے اس حادثہ میں 20 سے زائد افراد شدید زخمی بھی ہوئے ہیں، جو امبالہ کے اسپتال میں زیر علاج ہیں۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق یہ حادثہ منی بس کے ٹرک سے ٹکرانے کی وجہ سے پیش آیا۔ پولیس کی تفتیش میں پتہ چلا کہ ٹرک نے ہائی وے پر اچانک بریک کا استعمال کیا، جس کی وجہ سے پیچھے سے آنے والی منی بس اس سے ٹکرا گئی۔

پولیس کے مطابق یوپی کے بلند شہر سے عقیدت مند منی بس سے ویشنو دیوی کے درشن کے لیے جا رہے تھے۔ حادثے سے بال بال بچ جانے والے دیگر افراد نے بتایا کہ ان کی منی بس سے آگے چلنے والے ٹرک نے اچانک بریک لگا دی تھی۔ جس کی وجہ سے منی بس ٹرک سے ٹکرا گئی۔ اس واقعے میں مرنے والے تمام 7 افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے تھا۔ پولیس کے مطابق واقعے میں زخمی ہونے والے تین افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے جب کہ چار افراد اسپتال میں دوران علاج دم توڑ گئے۔

امبالہ کے پڈاو تھانے کے ایس ایچ او دلیپ نے بتایا کہ ڈاکٹروں کے مطابق اس حادثے میں اب تک سات افراد کی موت ہو چکی ہے، جب کہ کئی کی حالت انتہائی نازک ہے۔ جن کی حالت زیادہ تشویشناک ہے انہیں قریبی بڑے اسپتال ریفر کر دیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی اس واقعے میں زخمی ہونے والے کچھ افراد سول اسپتال میں زیر علاج ہیں جب کہ کچھ زخمیوں کو ان کی حالت کو دیکھتے ہوئے نجی اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

Follow us on Google News