ہومNationalسومناتھ کی تعمیرِ نو ہندستان کے آزاد شعور کا اعلان ہے: مودی

سومناتھ کی تعمیرِ نو ہندستان کے آزاد شعور کا اعلان ہے: مودی

سومناتھ، 11 مئی (یو این آئی) وزیرِ اعظم نریندر مودی نے پیرکے روز کہا کہ 75 برس قبل شروع ہونے والی سومناتھ مندر کی تعمیرِ نو محض ایک مذہبی تقریب نہیں تھی، بلکہ یہ ہندستان کے آزاد شعور اور قدیم وقار کی بحالی کا اعلان تھا۔مسٹر مودی نے سومناتھ مندر میں ‘وگرہ پرستھاپن، (مورتی کی تنصیب) کے 75 سال مکمل ہونے پر منعقدہ ‘امرت مہوتسو،سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ “وقت جن کی مرضی سے ظاہر ہوتا ہے، جو خود وقت کی قید سے آزاد اور وقت کی علامت ہیں، آج ہم ان دیوا دِھی دیو مہادیو کی مورتی کی تنصیب کے 75 سال منا رہے ہیں۔” انہوں نے کہا کہ سومناتھ محض عقیدت کا مرکز نہیں، بلکہ ہندستان کی روح اور ‘سناتن، شعور کی علامت ہے۔ وزیرِ اعظم نے مزید کہا، “یہ کائنات جن سے تخلیق ہوتی ہے اور جن میں ضم ہو جاتی ہے، آج ہم ان کے دھام کی تعمیرِ نو کا جشن منا رہے ہیں۔ جنہوں نے زہر پی کر خود کو ‘نیل کنٹھ، بنا لیا، انہی کی پناہ میں آج سومناتھ امرت مہوتسو ہو رہا ہے۔”مسٹر مودی نے خود کو “دادا سومناتھ کا اٹوٹ بھکت” قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ کئی بار یہاں آ چکے ہیں، لیکن اس بار یہاں پہنچ کر انہیں “وقت کے سفر” کا ایک خاص تجربہ ہوا۔ انہوں نے کہا کہ 75 سال قبل سومناتھ مندر کی تعمیرِ نو آزاد ہندستان کے خود اعتمادی کی علامت تھی۔ مسٹر مودی نے کہا کہ آزادی کے بعد سردار ولبھ بھائی پٹیل نے 500 سے زائد ریاستوں کا انضمام کر کے جدید ہندستان کی بنیاد رکھی اور سومناتھ کی تعمیرِ نو کے ذریعے دنیا کو یہ پیغام دیا کہ بھارت نہ صرف آزاد ہوا ہے، بلکہ اپنے قدیم وقار کو دوبارہ حاصل کرنے کی راہ پر بھی گامزن ہے۔انہوں نے کہا کہ چند ماہ قبل ‘سومناتھ سوابھیمان پرو، منایا گیا تھا اور اب ‘پران پرستھاپن، کے 75 سال مکمل ہونے کا موقع ملا ہے۔ انہوں نے اسے “ہزار سالہ امرت یاترا” کا تجربہ قرار دیا۔ مسٹر مودی نے کہا کہ سومناتھ امرت مہوتسو محض ماضی کا جشن نہیں، بلکہ اگلے ایک ہزار سال کے لیے ہندستان کی ترغیب کا بھی جشن ہے۔ اس موقع پر مسٹر مودی نے ہم وطنوں اور بھگوان سومناتھ کے کروڑوں عقیدت مندوں کو مبارکباد دی۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ 11 مئی کا دن ایک اور وجہ سے بھی خاص ہے، کیونکہ اسی دن سال 1998 میں پوکھرن میں ایٹمی تجربات کیے گئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہندستان نے 11 مئی کو تین ایٹمی تجربات کر کے دنیا کو اپنی صلاحیت اور قوت کا احساس دلایا تھا۔انہوں نے کہا کہ ان تجربات کے بعد دنیا کی کئی طاقتوں نے ہندستان پر دباؤ ڈالنے کی کوشش کی اور معاشی پابندیاں لگائیں، لیکن اس کے باوجود 13 مئی کو دو مزید ایٹمی تجربات کیے گئے، جس سے دنیا کو ہندستان کی سیاسی قوتِ ارادی کا اندازہ ہوا۔مسٹر مودی نے کہا کہ اس وقت کے وزیرِ اعظم اٹل بہاری واجپئی کی قیادت میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت نے یہ واضح کر دیا تھا کہ ملک سب سے بالاتر ہے اور دنیا کی کوئی طاقت ہندستان کو جھکا نہیں سکتی۔انہوں نے کہا کہ پوکھرن ایٹمی تجربے کو “آپریشن شکتی” کا نام دیا گیا تھا، کیونکہ ہندستان کی روایت ‘شیو اور شکتی،کی پوجاسے وابستہ رہی ہے۔ وزیرِ اعظم نے امید ظاہر کی کہ شیو اور شکتی کی یہ پوجا ملک کی سائنسی ترقی کے لیے بھی مشعلِ راہ بنے گی۔

Jadeed Bharat
Jadeed Bharathttps://jadeedbharat.com
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.
مقالات ذات صلة
- Advertisment -
Google search engine

رجحان ساز خبریں

احدث التعليقات