جھارکھنڈ: چمپئی سورین حکومت میں 8 نئے وزراء کی شمولیت، ہیمنت کے بھائی بسنت کی بھی حلف برداری
جھارکھنڈ میں چمپئی سورین کی قیادت والی نئی حکومت کی آج کابینہ توسیع ہو گئی۔ آج راج بھون میں منعقد ایک تقریب کے دوران گورنر سی پی رادھاکرشنن نے آٹھ نئے وزراء کو حلف دلایا۔ حلف لینے والوں میں ہیمنت سورین کے بھائی بسنت سورین اور چائباسہ کے رکن اسمبلی دیپک بروا کو چھوڑ کر سبھی پرانے چہروں کو ہی پھر سے موقع دیا گیا ہے۔
آج کی کابینہ توسیع کے ساتھ ہی چمپئی سورین حکومت میں وزراء کی تعداد بڑھ کر 11 ہو گئی ہے۔ حلف برداری کرنے والوں میں کانگریس کے ڈاکٹر رامیشور اراؤں، بنّا گپتا، بادل اور جے ایم ایم کے متھلیش ٹھاکر، بسنت سورین، دیپک بروا، محمد حفیظ الحسن و بے بی دیوی شامل ہیں۔ اس سے قبل 3 فروری کو وزیر اعلیٰ چمپئی سورین کے ساتھ کانگریس کے عالمگیر عالم اور آر جے ڈی کے ستیانند بھوکتا نے وزارتی عہدہ کا حلف لیا تھا۔ قبل میں ہیمنت سورین حکومت کی کابینہ میں شامل رہیں جوبا مانجھی کو چمپئی سورین حکومت میں جگہ نہیں مل پائی ہے۔
آج کابینہ توسیع کے بعد جھارکھنڈ کے وزیر اعلیٰ چمپئی سورین نے کہا کہ ’’آج ہماری کابینہ کی توسیع ہو گئی ہے اور جلد ہی سبھی وزراء کو اپنی ذمہ داری مل جائے گی۔ ابھی تک نائب وزیر اعلیٰ کے عہدہ پر کوئی تبادلہ خیال نہیں ہوا ہے۔ ہم جلد ہی قلمدانوں کی تقسیم کر دیں گے۔‘‘
قابل ذکر ہے کہ اس بار کانگریس کوٹہ کے وزراء کے چہرے میں تبدیلی کی خبر گرم تھی، لیکن پارٹی قیادت نے پرانے چہروں کو ہی دوبارہ موقع دیا ہے۔ جھارکھنڈ میں زیادہ سے زیادہ 12 وزراء ہو سکتے ہیں، جن میں سے 11 کی حلف برداری ہو چکی ہے۔ یعنی مزید ایک وزیر کو کابینہ میں شامل کیا جا سکتا ہے۔ ویسے ہیمنت سورین حکومت میں بھی 11 وزیر ہی تھے۔