142 نشستوں پر 1448 امیدوار میدان میں؛21.3 کروڑ ووٹرز کریں گےقسمت کا فیصلہ
4 مئی کو ہوگا جیت اور ہار کا فیصلہ
جدید بھارت نیوز سروس
کولکاتہ: مغربی بنگال اسمبلی انتخابات 2026 کے دوسرے اور آخری مرحلے کے لیے کل یعنی 29 اپریل کو ریاست کی 142 نشستوں پر ووٹ ڈالے جائیں گے۔ اس مرحلے میں جہاں 3.21کروڑ سے زائد ووٹرز 1448 امیدواروں کے مستقبل کا فیصلہ کریں گے، وہیں ووٹر لسٹ میں نام شامل کرنے کے حوالے سے لاکھوں درخواستوں کا التوا میں ہونا ایک بڑا معمہ بنا ہوا ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق، دوسرے مرحلے کے علاقوں سے موصول ہونے والی 12 لاکھ 90 ہزار سے زائد درخواستوں میں سے اب تک صرف 1468 کو ہی منظوری مل سکی ہے، جبکہ 6 اپیلیں مسترد کر دی گئی ہیں۔ قابلِ ذکر ہے کہ پہلے مرحلے میں بھی 14 لاکھ درخواستوں میں سے محض 139 کو ہی ہری جھنڈی دکھائی گئی تھی۔انتخابی کمیشن کی جانب سے اس مرحلے کے لیے 41 ہزار ایک پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں۔ اس بار جنوبی 24 پرگنہ کا بھانگوڑ حلقہ خاص طور پر مرکزِ نگاہ ہے جہاں سب سے زیادہ 19 امیدوار میدان میں ہیں۔ جبکہ ضلع ہگلی کے گوگھاٹ حلقے میں سب سے کم یعنی صرف 5 امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہے۔ مجموعی طور پر 3 کروڑ 21 لاکھ 73 ہزار 837 ووٹرز اپنے حقِ رائے دہی کا استعمال کریں گے، جن میں مرد ووٹرز کی تعداد 1 کروڑ 64 لاکھ 35 ہزار 627 اور خواتین ووٹرز کی تعداد 1 کروڑ 57 لاکھ 37 ہزار 418 ہے۔
اس مرحلے میں تیسری جنس سے تعلق رکھنے والے 792 ووٹرز بھی شامل ہیں۔نوجوان ووٹرز کی طاقت بھی اس بار اہم کردار ادا کرے گی، جہاں 18 سے 19 سال کی عمر کے 4 لاکھ 12 ہزار 668 نئے ووٹرز پہلی بار اپنے ووٹ کی طاقت کا مظاہرہ کریں گے۔ مغربی بنگال اسمبلی انتخابات کا یہ دوسرا مرحلہ ریاست کی سیاسی سمت طے کرنے میں انتہائی اہم سمجھا جا رہا ہے۔ کل 29 اپریل کو ہونے والی پولنگ کے بعد، تمام 294 نشستوں کے نتائج کا اعلان 4 مئی کو کیا جائے گا۔ چونکہ پہلے مرحلے میں بڑے پیمانے پر ووٹنگ ہو چکی ہے، اس لیے اب سب کی نظریں دوسرے مرحلے کی ان 142 نشستوں پر ٹکی ہوئی ہیں جو اقتدار کی کرسی تک پہنچنے کا راستہ صاف کریں گی۔








Users Today : 2266
Users Yesterday : 3172
Users Last 7 days : 18128
Users Last 30 days : 54385
Users This Month : 81577
Users This Year : 997059
Total Users : 4593333