National

’کیا یہ اراکین پارلیمنٹ ناکارہ تھے؟‘ بی جے پی کے ذریعہ کئی موجودہ اراکین پارلیمنٹ کا ٹکٹ کاٹنے پر کانگریس کا سوال

101views

بی جے پی نے لوک سبھا انتخاب کے پیش نظر امیدواروں کی پہلی فہرست جاری کی ہے جس میں 195 نام شامل ہے۔ اس فہرست میں کئی موجودہ اراکین پارلیمنٹ کا نام شامل نہیں کیا گیا جس پر کئی لوگ حیران ہیں۔ مثلاً دہلی کی سات پارلیمانی سیٹوں میں سے جن پانچ سیٹوں پر امیدوار کا اعلان کیا گیا ہے، ان میں سے چار سیٹوں پر نئے امیدوار کھڑے کرنے کا اعلان بی جے پی نے کیا ہے۔ میناکشی لیکھی، رمیش بدھوڑی، ہرش وردھن اور پرویش ورما ایسے اراکین پارلیمنٹ ہیں جنھیں دہلی میں ان کی پرانی سیٹ پر کھڑا نہیں کیا گیا ہے۔ اس قدم پر کانگریس نے بی جے پی پر حملہ کیا ہے اور سوال اٹھایا ہے کہ کیا یہ سبھی اراکین پارلیمنٹ ناکارہ تھے؟

دراصل کانگریس کے سینئر لیڈر پون کھیڑا نے ایک ویڈیو پیغام جاری کیا ہے جس میں وہ بی جے پی سے دور ہو رہے بڑے ناموں کا تذکرہ کیا ہے۔ وہ کہتے ہیں کہ ’’آج صبح سے 2 بی جے پی اراکین پارلیمنٹ نے ٹوئٹ کر کہا کہ وہ الیکشن نہیں لڑنا چاہتے ہیں۔ ایک گوتمبر گمبھیر اور دوسرے جینت سنہا۔ ان کے فیصلے کی ہمیں سمجھ نہیں آئی، لیکن یہ بات ضروری سمجھ آتی ہے کہ کئی سمجھدار لوگ بی جے پی سے کنارہ کرنا چاہتے ہیں۔ وجہ کیا ہے، یہ ان سے پوچھنا چاہیے۔‘‘

اس ویڈیو میں وہ بی جے پی کے امیدواروں کی پہلی فہرست کا تذکرہ کرتے ہوئے پی ایم مودی سے براہ راست سوال پوچھتے بھی دکھائی دیتے ہیں۔ وہ کہتے ہیں کہ ’’195 لوگوں کی فہرست آئی ہے۔ کئی موجودہ اراکین پارلیمنٹ کی ٹکٹ کاٹ دی گئی۔ اب نریندر مودی جی کو اس کا جواب دینا چاہیے کہ پچھلے پانچ سال آپ نے جن کو اراکین پارلیمنٹ بنایا، کیا وہ اتنے ناکارہ تھے کہ آپ انھیں دہرانا نہیں چاہتے۔ اگر ایسا ہے تو اس کے لیے آپ عوام سے معافی مانگیے کہ میں نے غلط لوگوں کو آپ پر تھوپ دیا۔ اور اگر وہ غلط نہیں تھے تو پھر ان کا ٹکٹ کیوں کاٹا گیا۔‘‘

اس ویڈیو میں کھیڑا پی ایم مودی پر طنز کستے ہوئے بھی دکھائی دیتے ہیں۔ وہ کہتے ہیں نریندر مودی جی، جن کو ہمیشہ یہ اعتماد رہتا ہے، اور چاروں طرف جو چاپلوس ہیں وہ بھی ان سے یہی کہتے ہیں کہ آپ کے نام سے ہی الیکشن جیتے جاتے ہیں، تو پھر یہ تبدیلی کیوں! اگر آپ ہی کے نام سے سب الیکشن جیتتے ہیں تو کیا پرگیا ٹھاکر آپ کے نام سے اس بار الیکشن نہیں جیت پاتیں، یا میناکشی لیکھی آپ کے نام سے اس بار الیکشن نہیں جیت پاتیں، یا رمیش بدھوڑی آپ کے نام سے الیکشن نہیں جیت پاتے۔

ویڈیو کے آخر میں پون کھیڑا اس بات پر حیرانی ظاہر کرتے ہیں کہ اتر پردیش کے کھیری پارلیمانی سیٹ سے اجئے مشرا ٹینی کو دوبارہ امیدوار بنایا گیا ہے۔ کھیڑا پی ایم مودی سے سوال کرتے ہیں کہ ’’آپ پر کیا دباؤ ہے کہ ٹینی جی کے بیٹے نے کسانوں کو روند کر مار ڈالا پھر بھی ٹینی جی کو آپ نے ٹکٹ دیا؟ کیا آپ کو کسانوں سے اتنی نفرت ہے کہ آپ ٹینی جی کو ضرور ٹکٹ دیں گے؟‘‘

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.