National

’ہم نفرت کو محبت، ہمدردی اور سچائی سے شکست دیں گے‘، کرناٹک میں کانگریس صدر کھڑگے کا اظہارِ عزم

117views

کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے آج کرناٹک کے مختلف علاقوں میں انڈیا اتحاد کے امیدواروں کے لیے انتخابی مہم چلاتے ہوئے نظر آئے۔ کھڑگے نے کلبرگی کے جوارگی اور یادگیر کے رائچور میں جلسۂ عام سے بھی خطاب کیا جس میں مرکز کی مودی حکومت پر زوردار انداز میں حملے کیے۔ انھوں نے بی جے پی لیڈران کے نفرت انگیز بیانات کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہم نفرت کو محبت، ہمدردی اور سچائی سے شکست دیں گے۔‘‘

کلبرگی میں لوگوں کی زبردست بھیڑ سے خطاب کرتے ہوئے کھڑگے نے بی جے پی پر عوام کو گمراہ کرنے کا سنگین الزام عائد کیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’کرناٹک اسمبلی انتخاب کے وقت بی جے پی والے کہہ رہے تھے کہ گارنٹی پوری کرنے کے لیے کہاں سے پیسہ آئے گا؟ کرناٹک دیوالیہ ہو جائے گا۔ آج کرناٹک برباد ہونے کی جگہ آباد ہوا ہے۔‘‘ کھڑگے نے نریندر مودی پر عوام کے حق میں کوئی بھی قدم نہ اٹھانے کا بھی الزام عائد کیا۔ وہ کہتے ہیں کہ ’’بی جے پی کے لوگ کہتے ہیں- مودی ہے تو ممکن ہے۔ نریندر مودی کہتے ہیں- میری 56 انچ کی چھاتی ہے۔ آپ یہ بتائیے کہ آپ نے ملک اور عوام کے لیے کیا کیا؟‘‘

کانگریس صدر نے اس سے قبل رائچور میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کیا۔ اس موقع پر انھوں نے کہا ’’نریندر مودی کہتے ہیں کہ خواتین کی بے عزتی ہو رہی ہے، اور جو بے عزتی کرتے ہیں ان کو بی جے پی سے ٹکٹ دے دیتے ہیں۔ بدعنوانی کرنے والوں کو اپنی پارٹی میں بلاتے ہیں اور ایم ایل اے، ایم پی، وزیر بناتے ہیں۔ مودی-شاہ کے پاس ایک بہت بڑی ’واشنگ مشین‘ ہے، جس میں وہ انسان کو ڈال دیتے ہیں، جس سے اس کے گناہ، داغ سب صاف ہو جاتے ہیں۔‘‘

پی ایم مودی کے نعرہ ’سب کا ساتھ، سب کا وِکاس‘ کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کھڑگے نے کہا کہ ’’بی جے پی اور نریندر مودی ’سب کا ساتھ، سب کا وکاس‘ کی بات کرتے ہیں۔ انھوں نے سب کا ساتھ تو لیا، لیکن ’سب کو برباد اور سب کا ستیاناش‘ کر دیا ہے۔‘‘ پی ایم مودی کے ’منگل سوتر‘ والے متنازعہ بیان کا تذکرہ کرتے ہوئے کھڑگے کہتے ہیں کہ ’’سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی جی نے غریبوں کو زمینوں کے پٹّے دیے تھے۔ لیکن نریندر مودی لوگوں کو گمراہ کرتے ہیں کہ کانگریس خواتین کا منگل سوتر بھی چھین لے گی۔ ایسا کبھی نہیں ہو سکتا۔‘‘

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.