National

شکست کے خوف میں مبتلا پی ایم مودی ’جھوٹ کی مشین‘ بن گئے ہیں: راہل گاندھی

125views

کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے آج ایک بار پھر پی ایم مودی پر اپنی تقریروں کے دوران جھوٹ بولنے کا سنگین الزام عائد کیا۔ راہل گاندھی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر کیے گئے تازہ پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’ایک حیران، مایوس اور شکست خوردہ وزیر اعظم کی باتیں سنیے: کانگریس آپ کے گھر کا کمرہ چھین لے گی، کانگریس آپ کے گلے کا منگل سوتر چھین لے گی، کانگریس آپ کی بھینس چھین لے گی۔‘‘

اپنے پوسٹ میں راہل گاندھی آگے لکھتے ہیں کہ ’’نریندر مودی ایسی بہکی بہکی اور جھوٹی باتیں اس لیے کر رہے ہیں کیونکہ کانگریس ان کی 300 میں سے 150 سے زیادہ سیٹیں چھین کر حکومت بنا رہی ہے۔ اس خوف میں مودی، وزیر اعظم (عہدہ) کے وقار کو بھول کر ’جھوٹ کی مشین‘ بن گئے ہیں۔‘‘

اس سوشل میڈیا پوسٹ میں راہل گاندھی نے پی ایم مودی کو سرمایہ داروں کا ’متر‘ (دوست) قرار دیتے ہوئے لکھا ہے کہ ’’انڈیا اتحاد کی حکومت عوام سے لے گی نہیں، انھیں دے گی۔ اتنا ہی پیسہ جتنا مودی نے اپنے ارب پتی متروں پر لٹایا ہے۔ ہماری حکومت ’اڈانیوں‘ کی نہیں ’ہندوستانیوں‘ کی ہوگی۔‘‘

قابل ذکر ہے کہ راہل گاندھی لگاتار انتخابی تشہیر کے دوران اور سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر مودی حکومت اور اس کی عوام مخالف پالیسیوں کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔ خصوصاً وزیر اعظم نریندر مودی پر بار بار جھوٹ بولنے اور مذہبی منافرت پھیلانے کا الزام عائد کر رہے ہیں۔ خاص طور سے راجستھان کے بانسواڑہ میں جب سے پی ایم مودی نے ’منگل سوتر‘ پر مبنی متنازعہ بیان دیا ہے، تب سے راہل گاندھی سمیت کانگریس کے سرکردہ لیڈران حملہ آور دکھائی دے رہے ہیں۔ ملکارجن کھڑگے، پرینکا گاندھی، جئے رام رمیش جیسے لیڈران اپنی ہر تقریر میں پی ایم مودی کے ذریعہ ’منگل سوتر‘ پر دیے گئے بیان کو ہدف تنقید بنا رہے ہیں۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.