
پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس سے متعلق انتہائی اہم خبر سامنے آ رہی ہے۔ مرکزی وزیر برائے پارلیمانی امور پرہلاد جوشی نے بتایا ہے کہ سرمائی اجلاس 4 دسمبر سے شروع ہوگا جو کہ 22 دسمبر تک جاری رہے گا۔ یہ اطلاع پرہلاد جوشی نے 9 نومبر کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ کے ذریعہ دی ہے۔
پرہلاد جوشی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر کیے گئے پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’4 دسمبر سے 22 دسمبر تک چلنے والے سرمائی اجلاس میں 15 نشستیں ہوں گی۔ امرت کال کے بیچ اجلاس کے دوران قانونی کارگزاریاں اور دیگر موضوعات پر بحث کا انتظار ہے۔‘‘ قابل ذکر ہے کہ پانچ ریاستوں میں اسمبلی انتخابات نومبر ماہ میں ہو رہے ہیں جس کے نتائج 3 دسمبر کو برآمد ہوں گے۔ یعنی انتخابی نتائج برآمد ہونے کے اگلے ہی دن 4 دسمبر سے پارلیمنٹ کا سرمائی اجلاس شروع ہو جائے گا۔
Winter Session, 2023 of Parliament will commence from 4th December and continue till 22nd December having 15 sittings spread over 19 days. Amid Amrit Kaal looking forward to discussions on Legislative Business and other items during the session.#WinterSession2023 pic.twitter.com/KiboOyFxk0
— Pralhad Joshi (@JoshiPralhad) November 9, 2023
بہرحال، سرمائی اجلاس میں چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمشنرز کی تقرری سے متعلق بل پر بحث ہونے کا امکان ہے۔ اس بل کے مطابق چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمشنرز کا درجہ کابینہ سکریٹری کے برابر ہونے کا التزام ہے۔ فی الحال انھیں سپریم کورٹ کے جج کے یکساں درجہ ملتا ہے۔ اس بل کی مخالفت کرتے ہوئے اپوزیشن پارٹیاں کہہ رہی ہیں کہ حکومت اداروں پر قبضہ کرنا چاہتی ہے۔ حالانکہ مرکزی حکومت اس الزام کو سرے سے خارج کرتی رہی ہے۔
خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کی ایک رپورٹ کے مطابق ترنمول کانگریس کی رکن پارلیمنٹ مہوا موئترا کے خلاف لگے پیسے لے کر سوال پوچھنے کے الزامات معاملے میں اخلاقیات کمیٹی کی رپورٹ بھی سرمائی اجلاس کے دوران ایوان میں پیش کی جائے گی۔
