International

یرغمالی دو معمر خواتین اور بچے کی ویڈیو جاری، نیتن یاھو سے بمباری بند کرنے کا مطالبہ

119views

فلسطین کی تنظیم ’’تحریک اسلامی جہاد‘‘ کے عسکری ونگ القدس بریگیڈ نے انسانی بنیادوں اور صحت کی وجوہات کی بنیاد پر ایک معمر اسرائیلی خاتون اور ایک لڑکے کو رہا کرنے کی تیاری کا اعلان کردیا۔ القدس بریگیڈ کے ترجمان نے ٹیلی گرام ایپلی کیشن کے ذریعے ایک ویڈیو ریکارڈنگ میں مزید کہا کہ اسرائیلی خاتون اور لڑکے کی رہائی کا اقدام اس وقت نافذ العمل ہو گا جب زمینی اور سکیورٹی کے حوالے سے مناسب شرائط پوری ہو جائیں گی۔

ترجمان نے مزید کہا کہ ہم غزہ کی پٹی کے ہر انچ پر بمباری کی روشنی میں اسرائیلی قیدیوں کے حوالے سے اپنی ذمہ داری سے دستبردار ہو رہے ہیں۔

القدس بریگیڈز نے ایک اور ویڈیو ریکارڈنگ نشر کی جس میں اسرائیلی خاتون حنا کتزیر کو عبرانی میں بات کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ خاتون نے کہا میں سمجھتی ہوں کہ اس سارے افراتفری اور ہمارے ساتھ جو کچھ ہوا اس کا ذمہ دار نیتن یاہو ہے۔ نیتن یاہو نے سنگین غلطیوں کا ارتکاب کیا اور انہیں عہدہ چھوڑ دینا چاہیے۔

اسرائیلی فوج کے ترجمان رچرڈ ہیچ نے جمعرات کو ’’تحریک اسلامی جہاد‘‘ کی طرف سے نشر کی جانے والی ویڈیو کی مذمت کی اور اسے نفسیاتی دہشت گردی قرار دے دیا۔

دوسری طرف تحریک حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز کے ترجمان ابو عبیدہ نے جمعرات کو غزہ پر اسرائیلی بمباری میں ایک خاتون فوجی کی ہلاکت اور دو مغوی اسرائیلی آباد کاروں کے زخمی ہونے کا اعلان کیا۔ القسام بریگیڈز نے کہا کہ اس اعلان کی صداقت کے لیے بعد میں اس حوالے سے ویڈیو بھی جاری کی جائے گی۔ واضح رہے 7 اکتوبر کو غزہ میں اسرائیل- فلسطینی جنگ کے آغاز کے بعد سے غزہ کی پٹی کے اندر بہت کم قیدیوں کو رہا کیا گیا ہے جن میں دو امریکی شہری بھی شامل ہیں۔

خیال کیا جارہا ہے کہ مختلف قومیتوں کے تقریباً 240 اسرائیلی قیدی غزہ کی پٹی کے اندر کئی گروپوں اور مختلف مقامات میں موجود سرنگوں میں یرغمال بنائے گئے ہیں۔ حماس کے سات اکتوبر کو حیران کن اور اچانک حملے میں 1500 کے قریب اسرائیلی ہلاک ہوگئے ہیں۔

غزہ میں فلسطینی وزارت صحت کے مطابق غزہ کی پٹی پر مسلسل اسرائیلی فضائی اور توپخانے کی بمباری سے 9 نومبر تک 10812 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔ ان شہدا میں 4412 بچے بھی شامل ہیں۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.