National

ہندوستان میں نہیں نظر آیا شوال المکرم کا چاند، 11 اپریل کو منائی جائے گی عید

153views

ہندوستان میں مختلف ہلال کمیٹیوں اور مسلم تنظیموں کے ذمہ داران نے آج شوال المکرم کا چاند دیکھنے کا اہتمام کیا، لیکن کہیں سے بھی چاند دیکھے جانے کی تصدیق نہیں ہوئی۔ بعد ازاں مرکزی رویت ہلال کمیٹی جامع مسجد دہلی اور امارت شرعیہ ہند وغیرہ اداروں نے ملک میں 11 اپریل بروز جمعرات کو عید کا تہوار منائے جانے کا اعلان کیا۔

شاہی امام و صدر مرکزی رویت ہلال کمیٹی، جامع مسجد دہلی سید احمد بخاری کے دستخط سے جاری پریس بیان میں لکھا گیا ہے کہ ’’آج 9 اپریل 2024 منگل کے روز ماہِ شوال المکرم کا چاند نظر نہیں آیا۔ مرکزی رویت ہلال کمیٹی جامع مسجد دہلی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ عیدالفطر 11 اپریل 2024 جمعرات کے روز ہے۔‘‘ اسی طرح مرکزی ادارہ شرعیہ، سلطان گنج، پٹنہ کے ذریعہ جاری بیان میں کہا گیا ہے ’’محمد حسن رضا نوری صدر مفتی مرکزی ادارہ شرعیہ پٹنہ بہار مطلع کرتے ہیں کہ 29 رمضان المبارک 1445ھ، مطابق 9 اپریل 2024 کو پٹنہ اور اس کے مضافات میں موسم ابر آلود ہونے کے سبب شوال المکرم 1445ھ کا چاند نظر نہیں آیا، اور نہ اب تک ملک کے کسی حصے سے رویت کی کوئی خبر آئی ہے۔ اس لیے 30 کی رویت کا اعتبار کرتے ہوئے 11 اپریل 2024 بروز جمعرات شوال المکرم کی پہلی تاریخ (عیدالفطر) ہے۔‘‘

امارت شرعیہ ہند، نئی دہلی کی جانب سے جو پریس نوٹ جاری کیا گیا ہے، اس میں بھی کچھ اس طرح کی بات لکھی گئی ہے۔ مولانا نجیب اللہ قاسمی (سکریٹری رویت ہلال کمیٹی امارت شرعیہ ہند) کے دستخط سے جاری بیان میں لکھا گیا ہے کہ ’’آج ابھی بعد نماز مغرب رویت ہلال کمیٹی امارت شرعیہ ہند کی میٹنگ مفتی ذکاوت حسین قاسمی صاحب نائب امیر شریعت صوبہ دہلی و شیخ الحدیث مدرسہ امینیہ کشمیری گیٹ کے زیر صدارت، امارت شرعیہ ہند کے مرکزی دفتر 1، بہادر شاہ ظفر مارگ نئی دہلی میں منعقد ہوئی۔ چاند دیکھنے کا اہتمام کیا گیا۔ دہلی میں مطلع صاف ہے، چاند نظر نہیں آیا اور کہیں سے رویت کی اطلاع نہیں ملی۔ اس لیے رویت ہلال کمیٹی امارت شرعیہ ہند 30 کی رویت کا اعتبار کرتے ہوئے اعلان کرتی ہے کہ کل بروز بدھ 30 رمضان المبارک ہے، اور بتاریخ 11 اپریل 2024 بروز جمعرات ماہِ شوال المکرم 1445ھ کی پہلی تاریخ ہوگی۔‘‘

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.