National

گمراہ کن اشتہار معاملہ میں بابا رام دیو اور آچاریہ بالاکرشنن نے مانگی معافی، حلف نامہ سپریم کورٹ میں داخل

136views

گمراہ کن اشتہار معاملہ میں آج یوگا گرو بابا رام دیو اور پتنجلی آیوروید لمیٹڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر آچاریہ بالاکرشن نے سپریم کورٹ میں بلاشرط معافی کا حلف نامہ داخل کیا۔ اپنی مصنوعات کو لے کر بڑے بڑے دعوے کرنے والی اس کمپنی کے ذریعہ جاری اشتہارات پر سپریم کورٹ نے دونوں کو پھٹکار لگائی تھی، جس پر دونوں نے عدالت عظمیٰ سے معافی طلب کی ہے۔

عدالت میں داخل دو الگ الگ حلف ناموں میں بابا رام دیو اور آچاریہ بالاکرشن نے سپریم کورٹ کے گزشتہ سال 21 نومبر کے حکم میں درج بیان کی خلاف ورزی کے لیے بھی معافی مانگی ہے۔ دراصل 21 نومبر 2023 کے حکم میں عدالت عظمیٰ نے کہا تھا کہ پتنجلی آیوروید کی نمائندگی کرنے والے وکیل نے اسے یقین دلایا ہے کہ اب سے کسی بھی قانون کی خلاف ورزی نہیں ہوگی۔ خاص طور سے پتنجلی کے ذریعہ تیار کی گئی مصنوعات کے اشتہار یا برانڈنگ سے متعلق، اور اس کے علاوہ دوا کو لے کر دعویٰ کرنے والا یا علاج کے کسی بھی دوسرے طریقہ کے خلاف کوئی بھی بیان کسی بھی شکل میں میڈیا میں جاری نہیں کیا جائے گا۔ حالانکہ بعد میں پتنجلی کے اشتہارات میں اس بات کا خیال نہیں رکھا گیا۔

دی گئی یقین دہانی پر عمل نہیں کرنے اور میڈیا میں دیے گئے بیانات نے عدالت عظمیٰ کو ناراض کر دیا۔ ناراض عدالت نے بابا رام دیو اور آچاریہ بالاکرشن کو وجہ بتاؤ نوٹس جاری کر دیا جس میں سوال کیا کہ کیوں نہ ان کے خلاف حکم عدولی کی کارروائی شروع کی جائے۔ اب اس معاملے میں دونوں نے ہی بلاشرط معافی مانگ لی ہے اور یقین دلایا ہے کہ آئندہ سے ایسی غلطی نہیں ہوگی۔ عدالت میں داخل اپنے حلف نامہ میں بابا رام دیو نے کہا کہ میں اشتہارات سے متعلق بلاشرط معافی مانگتا ہوں۔ مجھے اس غلطی پر افسوس ہے اور میں عدالت کو یقین دلانا چاہتا ہوں کہ اسے دہرایا نہیں جائے گا۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.