International

ہسپتال پر اسرائیلی حملے میں شہریوں کا قتل عام غیر انسانی اور ناقابل دفاع ہے: پاکستان

109views

پاکستان کے نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ غزہ کےالاہلی عرب [المعمدانی] ہسپتال پر اسرائیل کے وحشیانہ حملے میں معصوم شہریوں کا قتل عام غیر انسانی اور ناقابل دفاع ہے، یہ بین الاقوامی قانون اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔

اپنے ٹویٹ میں نگران وزیر اعظم نے کہا کہ اسرائیل کو اس کے جنگی جرائم کے لیے جوابدہ ہونا چاہیے کیونکہ اس نے غزہ پر اپنی بے دریغ بمباری اور محاصرہ جاری رکھا ہوا ہے جس کے نتیجے میں ہلاکتیں، تباہی اور نقل مکانی ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیلی قبضے کے حامیوں کو اپنی پالیسیوں پر نظر ثانی کرنے کی ضرورت ہے جو غزہ کے لوگوں کے خلاف دہشت گردی کی مہم چلانے میں اسرائیلی حکام کو استثنا فراہم کرتی ہیں۔

نگران وزیر اعظم نےغزہ کے الاہلی عرب ہسپتال پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت کی جس میں بڑی تعداد میں شہریوں کی اموات ہوئیں۔

وزیر خارجہ کا سخت ردعمل

وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے غزہ کے الاہلی عرب ہسپتال پر اسرائیلی حملے پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بات بہت واضح ہے کہ اسرائیل کی طرف سے غزہ میں ہسپتال پر گھنائونا حملہ اپنے دفاع کا عمل نہیں ہے۔

بدھ کو ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ یہ حملہ بین الاقوامی انسانی قانون کی خلاف ورزی ہے جس میں معصوم بچوں، خواتین، ڈاکٹروں، طبی عملے اور پناہ کے متلاشی بے گھر شہریوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی او آئی سی کی ایگزیکٹو کمیٹی کے غیر معمولی اجلاس میں شرکت کے لیے سعودی عرب کے شہر جدہ میں ہیں جس کا مقصد غزہ کے بحران اور وہاں کے محصور شہریوں کی انسانی صورتحال کا جائزہ لینا ہے۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.