National

نائب صدر،وزیر اعظم اور لوک سبھا کے اسپیکر نے پارلیمنٹ پر حملے کے شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کیا

23views

نئی دہلی، 13 دسمبر(یو ا ین آئی) نائب صدر اور راجیہ سبھا کے چیئرمین جگدیپ دھنکھڑ، وزیر اعظم نریندر مودی اور لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا نے آج ہم وطنوں کی جانب سے ان شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے 13 دسمبر 2001 کو دہشت گردانہ حملے سے پارلیمنٹ کی حفاظت کرتے ہوئے اپنی جانیں نچھاور کردیں لوک سبھا میں مسٹر اوم برلا کی قیادت میں شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔اس موقع پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے لوک سبھا کے اسپیکر نے کہاکہ پارلیمنٹ کمپلیکس کی حفاظت کے لئے تعینات ہماری چوکس سیکورٹی فورسز نے بے مثال ہمت اورشجاعت کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس دہشت گردانہ حملے کو ناکام بنا دیا۔ دہشت گردوں کے اس حملے کا بہادری سے سامنا کرتے ہوئے پارلیمنٹ سیکورٹی سروس، دہلی پولیس اور سینٹرل ریزرو پولیس فورس کے 8 سیکورٹی اہلکار شہید ہوگئے۔ اس حملے میں سی پی ڈبلیو ڈی کا ایک ملازم بھی شہید ہوا تھا۔ یہ ایوان 13 دسمبر، 2001 کو ہونے والے دہشت گردانہ حملے کے دوران پارلیمنٹ کا تحفظ کرتے ہوئے اپنی جانیں قربان کرنے والے تمام شہداءکی عظیم قربانی کو خراج عقیدت پیش کرتا ہے اور ان کے اہل خانہ کے تئیں اپنی گہری تعزیت کا اظہار کرتا ہے۔اس موقع پر ہم دہشت گردی سے نمٹنے اور اپنے مادر وطن کی یکجہتی، سالمیت اور خودمختاری کے تحفظ کے لئے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔اس موقع پر کئی مرکزی وزرائ، ارکان پارلیمنٹ، سابق ارکان پارلیمنٹ، شہداءکے اہل خانہ اور دیگر معززین نے بھی شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ لوک سبھا کے سکریٹری جنرل اتپل کمار سنگھ اور راجیہ سبھا کے سکریٹری پی سی مودی نے بھی شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔اس موقع پر نائب صدر اور راجیہ سبھا کے چیئرمین جگدیپ دھنکھڑ وزیر اعظم نریندر مودی، لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا اور دیگر معززین نے شہیدوں کے اہل خانہ سے بات چیت کی۔اس موقع پر لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا نے پارلیمنٹ کمپلیکس میں لگائے گئے خون کے عطیہ کیمپ کا بھی دورہ کیا اور خون کے عطیہ کرنے والوں اور طبی عملے سے بات چیت کی۔خیال رہے کہ سال 2001 میں آج ہی کے دن راجیہ سبھا سکریٹریٹ کے سیکورٹی معاون مسٹر جگدیش پرساد یادو اور شری ماتبر سنگھ نیگی، سی آر پی ایف کانسٹیبل، محترمہ کملیش کماری؛ دہلی پولیس میں اسسٹنٹ سب انسپکٹر، مسٹر نانک چند اور شری رام پال؛ دہلی پولیس میں ہیڈ کانسٹیبل، مسٹر اوم پرکاش، مسٹر بیجندر سنگھ اورمسٹر گھنشیام؛ اورسی پی ڈبلیو ڈی میں مالی مسٹر دیش راج نے دہشت گردانہ حملے کے دوران اپنی جان قربان کردیں۔ان کی بے لوث قربانی کے اعتراف میں مسٹر جگدیش پرساد یادو،ماتبر سنگھ نیگی اور محترمہ کملیش کماری کو بعد از مرگ اشوک چکر سے نوازا گیا۔ سرواشری نانک چند، رام پال، اوم پرکاش، بیجندر سنگھ اور گھنشیام کو بعد از مرگ کیرتی چکر سے نوازا گیا۔مرکزی وزیر مملکت برائے دفاع سنجے سیٹھ نے پارلیمنٹ ہاؤس کی حفاظت کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ 13/12/2001 کو دہشت گردوں نے ہماری جمہوریت کے مندر پر حملہ کیا لیکن ہمارے ہیروز نے اپنی بہادری اور حوصلے سے انہیں منہ توڑ جواب دیا اور انہیں شہید کر دیا۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.