National

صدر جمہو ریہ دروپدی مرمو پانچواں نیشنل واٹر ایوارڈز 2023 پیش کریں گی

60views

نئی دہلی، 20 اکتوبر (یواین آئی) صدر جمہوریہ ہند محترمہ دروپدی مرمو 22 اکتوبر 2024 کو وگیان بھون، نئی دلی میں 5 ویں نیشنل واٹر ایوارڈز 2023 عطا کرینگی۔ 14 اکتوبر 2024 کو جل شکتی کی وزارت کے تحت آبی وسائل، دریا کی ترقی اور گنگا کی بحالی کے محکمہ(ڈی او ڈبلیو آر، آر ڈی اور جی آر) نے 09 زمروں میں 5ویں قومی واٹر ایوارڈز، 2023 کے لیے مشترکہ فاتحین کے ساتھ 38 ناموں کا اعلان کیا ہے، جن میں،بہترین ریاست، بہترین ضلع، بہترین گرام پنچایت، بہترین شہری مقامی ادارہ، بہترین اسکول یا کالج، بہترین واٹر یوزر ایسوسی ایشن، بہترین ادارہ (سکول یا کالج کے علاوہ) اور بہترین سول سوسائٹی شامل ہیں۔بہترین ریاست کے زمرے میں پہلا انعام اڈیشہ کو دیا گیا ہے،اس زمرے میں اتر پردیش نے دوسرا اور گجرات اور پڈوچیری نے مشترکہ طور پر تیسرا مقام حاصل کیا ہے۔ ہر ایوارڈ جیتنے والے کو ایک توصیف اور ٹرافی کے ساتھ ساتھ مخصوص زمروں میں نقد انعامات سے نوازا جائے گا۔ وزیر اعظم کی رہنمائی میں، جل شکتی کی وزارت قومی سطح پر پانی کے انتظام اور پانی کے تحفظ کے بارے میں بیداری پھیلانے کے لیے ایک جامع مہم چلا رہی ہے۔ اس نقطہ نظر سے اور لوگوں میں پانی کی اہمیت کے بارے میں بیداری پیدا کرنے اور لوگوں کو پانی کے استعمال کے بہترین طریقوں کو اپنانے کی ترغیب دینے کے لیے، 2018 میں ڈی او ڈبلیو آر، آر ڈی اور جی آر کے ذریعے پہلے نیشنل واٹر ایوارڈز کا آغاز کیا گیاتھا۔ سال 2019، 2020 اور 2022 کے لیے دوسرے، تیسرے اور چوتھے نیشنل واٹر ایوارڈز دیے گئے۔ کووِڈ کی وبا کی وجہ سے یہ ایوارڈز 2021 میں نہیں دیے گئے۔نیشنل واٹر ایوارڈز (این ڈبلیو ایز) کے ذریعے ملک بھر میں افراد اور تنظیموں کی طرف سے ‘جل سمردھ بھارت، کے حکومت کے وژن کو حاصل کرنے کے لیے کیے گئے اچھے کام اور کوششوں کی طرف توجہ مرکوز کی جاتی ہے۔ یہ ایوارڈ لوگوں میں پانی کی اہمیت کے بارے میں بیداری پیدا کرنے اور انہیں پانی کے استعمال کے بہترین طریقوں کو اپنانے کی ترغیب دینے کے لیے دیے جاتے ہیں۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.