
حادثے میں تین لوگوں کی موت ، 11 لاپتہ
کٹیہار ، 19 جنوری(ہ س)۔بہار میں کٹیہار ضلع کے احمد آباد تھانہ علاقے کے جنوبی کریم اللہ پور پنچایت کے گولاگھاٹ پر اتوار کی صبح ایک المناک کشتی حادثے میں تین افراد کی موت ہو گئی۔ جس میں 35 اور 40 سال کے دو نوجوان اور ایک ڈھائی سالہ بچے کی موت ہوگئی۔ اس حادثے میں 11 افراد لاپتہ ہیں۔جنوبی کریم اللہ پور کے مکھیا جے پی یادو نے ہندوستھان سماچار کو بتایا کہ آج صبح تقریباً 8 بجے میگھوٹولہ گولا گھاٹ سے ایک چھوٹی کشتی سکڑی (جھارکھنڈ) کے لئے یروانہ ہوئی۔ جس پر صلاحیت سے زیادہ (ملاح سمیت 18) لوگ سوار تھے۔ انہوں نے بتایا کہ کشتی جھارکھنڈ جارہی تھی۔ بیچ گنگا میں ہوا کی وجہ سے کشتی پلٹ گئی۔ مکھیا نے بتایا کہ واقعے کے بعد ملاح تیر کر باہر نکل گیا۔ جھارکھنڈ جانے والی دوسری کشتی نے گنگا ندی سے سات لوگوں کو بچا کر گولاگھاٹ تک پہنچایا۔ جس میں تین افراد کی موت ہو چکی تھی۔ حادثے میں زخمی ہونے والے چار افراد کو مقامی اسپتال میں داخل کرایا گیا اور ان کا علاج جاری ہے۔ خبر لکھے جانے تک انتظامیہ کی جانب سے ریسکیو شروع نہیں کیا گیا تھا۔مکھیا نے کہا کہ انتظامیہ کے اہلکار جائے حادثہ پر پہنچ گئے ہیں۔
