National

تہاڑ جیل سے باہر نکلے سنجے سنگھ، کہا ’جیل کے تالے ٹوٹیں گے، کیجریوال-سسودیا-ستیندر چھوٹیں گے‘

114views

عآپ لیڈر اور راجیہ سبھا رکن سنجے سنگھ تہاڑ جیل سے باہر آ چکے ہیں۔ دہلی آبکاری گھوٹالہ معاملہ میں چھ ماہ جیل میں گزارنے کے بعد کل انھیں ضمانت دینے کا فیصلہ کیا گیا تھا اور آج انھیں تہاڑ سے رِہائی مل گئی۔ کچھ دیر پہلے ہی جیل میں ان کی رِہائی کا آرڈر پہنچا تھا جس کے بعد جیل انتظامیہ کاغذی کارروائی پوری کرنے میں مصروف ہو گیا تھا۔

جیل سے باہر نکلنے کے بعد سنجے سنگھ نے لوگوں سے زیادہ بات نہیں کی، لیکن ایک بیان انھوں نے ضرور دیا جو کسی طویل تقریر سے بڑھ کر ہے۔ انھوں نے جیل سے باہر آنے کے بعد کہا کہ ’’جیل کے تالے ٹوٹیں گے، کیجریوال-سسودیا اور ستیندر جین چھوٹیں گے۔‘‘ ان کی رِہائی کے وقت تہاڑ جیل کے باہر حامیوں کا زبردست ہجوم دیکھنے کو ملا۔ سنجے سنگھ کی بیوی انیتا اور ان کی بیٹی بھی انھیں لینے کے لیے تہاڑ پہنچی تھیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق کچھ دیر میں سنجے سنگھ وزیر اعلیٰ رہائش جائیں گے۔ امید کی جا رہی ہے کہ وہاں وہ وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کی شریک حیات سنیتا کیجریوال سے ملاقات کریں گے۔ اس کے بعد وہ پارٹی دفتر پہنچیں گے جہاں پارٹی کارکنان سے خطاب کریں گے۔

واضح رہے کہ آبکاری گھوٹالہ معاملہ میں قید سنجے سنگھ کو سپریم کورٹ نے 6 ماہ بعد 2 اپریل کو ضمانت دے دی تھی۔ حالانکہ ان کی خرابیٔ صحت کے سبب کل رِہائی سے متعلق کاغذی کارروائی پوری نہیں کی جا سکتی تھیں۔ بدھ کو ان کی بیوی انیتا سنگھ صبح ضمانتی کارروائی پورا کرنے کے لیے عدالت پہنچیں اور دو لاکھ روپے کے ضمانتی بانڈ اور اتنی ہی سیکورٹی رقم جمع کر دی تھی۔ شام کے وقت تہاڑ جیل ان کا ضمانتی آرڈر پہنچا اور اس کے بعد ان کے ضمانت پر رِہا کرنے کا عمل شروع کر دیا گیا تھا۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.