آر ایل جے پی نے نئی دہلی ریلوے اسٹیشن پر بھگدڑ میں ہونے والی اموات کے لیے ریلوے اور مرکزی حکومت کو ذمہ دار ٹھہرایا

پٹنہ، 16 فروری (یو این آئی) راشٹریہ لوک جن شکتی پارٹی (آر ایل جے پی) کے قومی ترجمان شرون اگروال نے نئی دہلی ریلوے اسٹیشن پر بھگدڑ میں عقیدت مندوں کی موت پر دکھ کا اظہار کیا ہے اور اس حادثہ کے لئے ریلوے اور مرکزی حکومت کو ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔مسٹر اگروال نے اتوار کو الزام لگایا کہ پریاگ راج جانے والے عقیدت مندوں کی بڑی بھیڑ کو دیکھتے ہوئے ریلوے اور مرکزی حکومت کو بہتر انتظامات کرنے چاہیے تھے، لیکن لاپرواہی اور بدانتظامی کی وجہ سے یہ المناک حادثہ پیش آیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ ریلوے انتظامیہ کی ناکامی اور مرکزی حکومت کی بے حسی کو اجاگر کرتا ہے۔ انہوں نے حکومت اور ریلوے انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ وہ عقیدت مندوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے ٹھوس اقدامات کرے تاکہ آئندہ ایسے واقعات رونما نہ ہوں۔مسٹر اگروال نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ مرکز اور اتر پردیش کی حکومتوں کی پوری توجہ کمبھ میلہ میں نہانے والے وی آئی پیز پر ہے، جبکہ عام عقیدت مندوں کی حفاظت کو نظر انداز کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ بی جے پی نے اس عقیدے کے واقعہ کو مکمل طور پر سیاسی واقعہ بنا دیا ہے، انہوں نے کہا کہ بھگدڑ میں زیادہ تر اموات بہار کے لوگوں کی ہیں۔ مہا کمبھ کی وجہ سے 17 دنوں کے اندر بھگدڑ مچنے کا یہ دوسرا واقعہ ہے، جس میں سینکڑوں عقیدت مند اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔اتر پردیش حکومت کو نشانہ بناتے ہوئے مسٹر اگروال نے کہا کہ مہا کمبھ کے لیے عقیدت مندوں کو بڑے پیمانے پر مدعو کیا گیا تھا، لیکن بھیڑ کو کنٹرول کرنے اور نظام کو برقرار رکھنے کے لیے کوئی ٹھوس قدم نہیں اٹھایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی لاپرواہی کی وجہ سے مہا کمبھ اب موت کا کمبھ بنتا جا رہا ہے۔آر ایل جے پی کے ترجمان نے کہا کہ ریلوے اسٹیشنوں اور شاہراہوں پر صورتحال قابو سے باہر ہو گئی ہے۔ عقیدت مندوں کے ساتھ غیر انسانی سلوک کیا جا رہا ہے، اور شہروں میں افراتفری مچی ہوئی ہے۔ انہوں نے مرکز اور یوپی حکومتوں پر بھیڑ مینجمنٹ میں ناکام ہونے کا الزام لگایا ہے۔ انہوں نے مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا کہ مہا کمبھ ختم ہونے تک ملک کے تمام ریلوے اسٹیشنوں اور شاہراہوں پر معیاری آپریٹنگ طریقہ کار کو نافذ کیا جائے تاکہ اس طرح کے واقعات کو روکا جاسکے۔
