
پٹنہ، 16 فروری (یو این آئی) راشٹریہ جنتا دل نے نئی دہلی اسٹیشن پر بھگدڑ کی وجہ سے ہونے والی اموات پر غم کا اظہار کیا ہے۔آر جے ڈی کی جانب سے سابق وزیر اعلیٰ رابڑی دیوی، حزب اختلاف کے لیڈر تیجسوی پرساد یادو، رکن پارلیمنٹ ڈاکٹر میسا بھارتی، سابق وزیر تیج پرتاپ یادو، ریاستی صدر جگدانند سنگھ، سابق مرکزی وزیر جے پرکاش نارائن یادو، کانتی سنگھ، قومی نائب صدر ادے نارائن چودھری، قومی پرنسپل سکریٹری عبدالرشید کمار ، قومی چیف ترجمان پروفیسر منوج کمار جھا، راجیہ سبھا رکن پارلیمنٹ سنجے یادو، قومی جنرل سکریٹری بھولا یادو، سید فیصل علی، بینو یادو، قومی خزانچی ڈاکٹر سنیل کمار سنگھ، ریاستی نائب صدر اشوک کمار سنگھ، ڈاکٹر تنویر حسن، سریش پاسوان، شیو چندر رام، ریاستی جنرل سکریٹری رنوجے ساہو، ریاستی خزانچی محمد مہدی کامران، ریاستی چیف ترجمان شکتی سنگھ یادو، قانون ساز کونسلر قاری محمد شعیب، ریاستی ترجمان اعجاز احمد اور دیگر لیڈروں نے نئی دہلی اسٹیشن پر افراتفری اور بھگدڑ کی وجہ سے ہونے والی بے وقت موت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے اور حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ مرنے والوں کے لواحقین کو معاوضہ اور زخمیوں کا مناسب علاج فراہم کیا جائے۔آر جے ڈی لیڈروں نے کہا کہ اتنے سرکاری وسائل کے باوجود بھگدڑ میں عقیدت مند اپنی جانیں گنوا رہے ہیں اور ڈبل انجن والی حکومت ان بدقسمت واقعات کی پردہ پوشی اور تشہیر کرنے میں مصروف ہے۔ حکومت عام لوگوں اور عقیدت مندوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے بجائے وی آئی پیز کو سہولیات فراہم کرنے اور ان کے خصوصی انتظامات تک محدود ہے۔ ایسے واقعات ریلوے کی سیکورٹی کو برقرار رکھنے میں لاپرواہی اور مسافروں کی حفاظت کے لئے اقدامات کرنے میں ریلوے کی ناکامی کی وجہ سے ہوئے ہیں۔ وزیر ریلوے کو اس واقعہ کی ذمہ داری قبول کرنی چاہئے اور انہیں فوری طور پر اپنے عہدے سے استعفیٰ دینا چاہئے۔ ساتھ ہی بھگدڑ کی اعلیٰ سطحی جانچ اور اس میں قصورواروں اور غفلت برتنے والوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔آر جے ڈی خاندان نے غم کی اس گھڑی میں مہلوکین کے اہل خانہ کے ساتھ اپنی ہمدردی کا اظہار کیا اور لواحقین کو یہ نقصان برداشت کرنے کی طاقت دینے اور زخمیوں کے جلد صحت یاب ہونے کی پرارتھنا کی۔
