42
کانگریس نے جان بوجھ کر راہل گاندھی کا ہیلی کاپٹر روکنے کا الزام لگایا
گوڈا15 نومبر:۔[جدید بھارت نیوز سروس] جھارکھنڈ اسمبلی کے دوسرے مر حلہ میں 20 نومبر کو ہونے والی ووٹنگ کے لیے جھارکھنڈ میں انتخابی مہم زوروں پر ہے۔ بی جے پی-کانگریس سمیت تمام پارٹیوں کے بڑے لیڈر اپنی اپنی پارٹی کے امیدواروں کے حق میں جلسہ کر کے ووٹ مانگ رہے ہیں۔ اسی سلسلے میں کانگریس کے ممبرپارلیمنٹ اور لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر جمعہ کو انڈیا الائنس کے امیدواروں کی مہم چلانے کے لیے گوڈا پہنچے۔ معلومات کے مطابق راہل گاندھی جھارکھنڈ کے گوڈا میں تقریباً ڈیڑھ گھنٹے سے پھنسے ہوئے ہیں۔ ہیلی کاپٹر کو اے ٹی سی سے کلیئرنس نہیں مل سکا۔ جس کی وجہ سے ہیلی کاپٹر کو اڑنے کی اجازت نہیں دی گئی ہے۔جانکاری کے مطابق اے ٹی سی سے منظوری نہ ملنے کی وجہ سے اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی کے ہیلی کاپٹر کو مہاگما سے ٹیک آف کرنے سے روک دیا گیا۔ جس کی وجہ سے وہ کافی دیر تک ہیلی کاپٹر میں بیٹھے رہے اور ٹیک آف کا انتظار کرتے رہے۔ اس واقعہ کا ویڈیو بھی منظر عام پر آگیا ہے۔ساتھ ہی کانگریس نے جان بوجھ کر راہل گاندھی کا ہیلی کاپٹر روکنے کا الزام لگایا ہے۔ جھارکھنڈ کابینہ کی وزیر اور مہاگما سے کانگریس امیدوار دیپیکا پانڈے سنگھ نے کہا کہ راہل گاندھی کے ہیلی کاپٹر کو گزشتہ 1.30 گھنٹے سے اڑنے کی اجازت نہیں دی جا رہی ہے۔ یہ آمریت کے سوا کچھ نہیں۔ راہل گاندھی کا ہیلی کاپٹر اس لیے روک دیا گیا ہے کیونکہ وزیر اعظم نریندر مودی دیو گھر میں ہیں اور ان کے جلسہ کی وجہ سےراہل گا ندھی کے ہیلی کاپٹر کو اڑان بھرنے سے روکا جا رہا ہے۔دیپیکا نے کہا کہ وزیر اعظم کے دیو گھر میں ہونے کی وجہ سے راہل گاندھی کو اس علاقے سے گزرنے کی اجازت نہیں دی گئی۔ پروٹوکول ہے جسے ہم سمجھتے ہیں لیکن کانگریس نے ملک پر 70 سال حکومت کی اور ایسا واقعہ کسی اپوزیشن لیڈر کے ساتھ کبھی نہیں ہوا۔ یہ قابل قبول نہیں ہے۔
راہول گاندھی نہ صرف ماس لیڈر ہیں بلکہ ان کا تعلق ایک ایسے خاندان سے بھی ہے جس کے دو افراد نے ملک کے لیے اپنی جانیں قربان کی ہیں۔ ان کے ہیلی کاپٹر کو اڑنے کی اجازت نہیں دی جارہی ہے۔