National

راہل گاندھی انتخابی تشہیر کے لیے پہنچے رائے بریلی، عوام کو بتائی اس لوک سبھا سیٹ سے کھڑے ہونے کی وجہ

194views

لوک سبھا انتخاب کے پیش نظر آج چوتھے مرحلے کی ووٹنگ جاری ہے۔ اس درمیان راہل گاندھی آج اتر پردیش کے رائے بریلی پہنچے جہاں عوام کی زبردست بھیڑ سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے بتایا کہ آخر وہ رائے بریلی لوک سبھا سیٹ سے انتخاب کیوں لڑ رہے ہیں۔ انھوں نے اپنی تقریر کے دوران کہا کہ ’’رائے بریلی میری دو ماؤں کا میدانِ عمل ہے، اس لیے میں یہاں سے انتخاب لڑنے آیا ہوں۔‘‘

دراصل وہ اپنی ماں سونیا گاندھی اور اپنی دادی اندرا گاندھی کے بارے میں بات کر رہے تھے۔ انھوں نے اپنے خطاب کے دوران کہا کہ ’’میری دو مائیں ہیں۔ ایک سونیا گاندھی اور دوسری اندرا گاندھی۔ رائے بریلی میری ان دونوں ماؤں کا میدانِ عمل ہے۔ اس لیے میں یہاں سے انتخاب لڑنے آیا ہوں۔ کانگریس پارٹی ملک کے نوجوانوں کے لیے کیا کرنے جا رہی ہے، یہ بتانے میں رائے بریلی آیا ہوں۔‘‘

راہل گاندھی نے رائے بریلی سے خاندانی رشتہ کا تذکرہ بھی اپنی تقریر کے دوران کیا۔ انھوں نے کہا کہ ہماری فیملی کا رائے بریلی سے 100 سال قدیم رشتہ ہے۔ اس وقت ملک مشکل حالات میں ہے۔ یہ انتخابی تاریخ کا پہلا انتخاب ہے جب آئین کی حفاظت کے لیے کانگریس لڑ رہی ہے، یہ لڑائی غریبوں کی حفاظت کے لیے ہے۔ مرکز میں ہماری حکومت بنی تو ہر خاتون کے اکاؤنٹ میں ماہانہ 8500 روپے بھیجے جائیں گے۔

کانگریس کے انتخابی منشور میں موجود وعدوں کا تذکرہ کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ ’’وزیر اعظم مودی نے نوجوانوں کو بے روزگار کر دیا ہے۔ انڈیا بلاک کی حکومت بننے پر ہر نوجوان کو اپرینٹس شپ ملے گی۔ 15 اگست تک 30 لاکھ ملازمت دینے کا کام کانگریس پارٹی کرے گی اور ملک میں ٹھیکیداری نظام کو بند کیا جائے گا۔‘‘

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.