National

پی ایم مودی اپنے عہدے کا وقار بالائے طاق رکھ کر گرگٹ کی طرح اپنے الفاظ بدل رہے ہیں: پرینکا گاندھی

77views

کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے کہا ہے کہ پی ایم مودی بے روزگاری اور مہنگائی کے بارے میں ایک لفظ بھی نہیں بولتے ہیں۔ وہ صرف توجہ ہٹانے کے لیے بات کرتے ہیں۔ پی ایم مودی اپنے عہدے کا وقار بھول گئے ہیں اور گرگٹ کی طرح وہ اپنے الفاظ بدلتے ہیں۔ پرینکا گاندھی رائے بریلی لوک سبھا حلقے کی سرینی اسمبلی میں کانگریس کے لیڈر راہل گاندھی کی انتخابی مہم سے خطاب کر رہی تھیں۔

پرینکا گاندھی نے کہا کہ مودی یا تو ہر وقت کانگریس پر تنقید کرتے ہیں یا کہتے ہیں کہ کانگریس مذہب کی مخالف ہے۔ کانگریس مذہب مخالف کیسے ہو سکتی ہے؟ کانگریس کی بنیاد مہاتما گاندھی نے رکھی تھی جن کی پوری تحریک بھاگوت گیتا کی تعلیمات پر مبنی تھی۔ جب وہ شہید ہوئے تو ان کے منہ سے ’ہے رام‘ نکلا۔ انہوں نے ہی ہمیں سچائی اور عدم تشدد کا درس دیا۔ ہم مذہب کے مخالف کیسے ہو گئے؟ کیا ہم اس لیے مذہب مخالف ہو گئے ہیں کہ ہم نے مذہب کی بنیاد پر ووٹ نہیں مانگے؟ کیا ہمارے بزرگوں اور صوفی سنتوں نے یہی سکھایا تھا کہ مذہب کی بنیاد پر اقتدار پر قبضہ کرو؟ لوگوں کو تقسیم کرنے کی سیاست کرو؟ ہم یہ نہیں کرتے تو کیا ہم مذہب کے مخالف ہیں؟

کانگریس کی جنرل سکریٹری نے کہا کہ نریندر مودی ملک کے وزیر اعظم ہیں لیکن وہ اپنے عہدے کے وقار کو بھول گئے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ کانگریس پارٹی عوام کے زیورات اور بھینسیں چرائے گی۔ نریندر مودی الیکشن کو ہندو مسلم بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ایک دن وزیراعظم نے انٹرویو میں کہا کہ اگر میں ہندو مسلم کروں تو وزیراعظم بننے کا اہل نہیں رہوں گا لیکن اگلے ہی دن پھر سے ہندو اور مسلمان کرنے لگے۔ پرینکا گاندھی نے مزید کہا کہ کئی مہینوں سے ہندو مسلم کی بات کرنے والے وزیر اعظم مودی اچانک بولے کہ میں نے ایسا کبھی نہیں کہا۔ میرے گھر کے آس پاس مسلمان رہتے تھے، میں روز بریانی کھاتا تھا۔ ان کی یہ بات سن کر اپوزیشن لیڈر حیران ہو گئے ہیں۔ وزیر اعظم مودی اپنی بات گرگٹ کی رنگ کی طرح بدل رہے ہیں۔

کانگریس کی جنرل سکریٹری نے کہا کہ کانگریس حکومت نے غریب خاندانوں کو فوڈ سیکوریٹی کا حق دیا ہے اس لیے راشن دینا نریندر مودی کی مجبوری ہے۔ یہ پہلے کا منصوبہ ہے۔ نریندر مودی راشن کی بوری پر اپنی تصویر چسپاں کر کے اس کا سیاسی فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ اگر مرکز میں انڈیا الائنس کی حکومت بنتی ہے تو غریبوں کو دس کلو مفت اناج دیا جائے گا۔ پرینکا گاندھی نے کہا کہ یہاں بی جے پی کے امیدوار زمینیں ہتھیا رہے ہیں۔ وہ یہاں پردھانوں اور کوٹے داروں کو ڈراتے دھمکاتے ہیں لیکن عوام کو بی جے پی امیدوار کی حرکتوں سے ڈرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ کیونکہ عوام کو ڈرانے و دھمکانے والے لیڈر کا رائے بریلی کی سیاست میں کوئی کام نہیں ہے۔ کانگریس کی جنرل سکریٹری نے اس دوران کانگریس کے منشور میں کئے گئے وعدوں کا بھی تذکرہ کیا اور عوام سے کانگریس امیدوار راہل گاندھی کو بھاری ووٹوں سے جیتنے کی اپیل کی۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.