National

’پی ایم مودی نے 10 سال میں ایک بھی ایسا کام نہیں کیا جسے سنگ میل کہا جا سکے‘، کھڑگے کا مودی حکومت پر حملہ

237views

کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے ایک بار پھر مرکز کی مودی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے اور وزیر اعظم مودی پر الزام عائد کیا ہے کہ انھوں نے 10 سال میں ایک بھی ایسا کام نہیں کیا جسے سنگ میل قرار دیا جا سکے۔ دراصل کانگریس نے 4 جنوری کی صبح دہلی میں ایک اہم میٹنگ کی جس میں کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے کے علاوہ سابق پارٹی صدر راہل گاندھی، پرینکا گاندھی، وینوگوپال راؤ، اجئے ماکن سمیت کئی سرکردہ لیڈران شامل ہوئے۔

میٹنگ سے متعلق اہم جانکاری کانگریس صدر کھڑگے نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر شیئر کی ہے۔ اس پوسٹ میں کانگریس صدر نے بتایا ہے کہ میٹنگ کے دوران انھوں نے کیا باتیں سبھی کے سامنے رکھیں۔ نریندر مودی حکومت پر حملہ کرتے ہوئے میٹنگ کے دوران کھڑگے نے کہا کہ ’’گزشتہ 10 سال میں بی جے پی نے ایک بھی ایسا کام نہیں کیا جسے سنگ میل کہا جا سکے۔ وہ یو پی اے-کانگریس کے زمانہ کے منصوبوں کا نام اور شکل بدلنے کا کام کرتے رہے ہیں۔‘‘

کھڑگے نے مودی حکومت پر کئی شدید الزامات بھی عائد کیے۔ انھوں نے کہا کہ ’’وزیر اعظم پی ایس یو اور بڑے اداروں کو فروخت کر رہے ہیں۔ انھوں نے ملک کی لائف لائن ریلوے سے لے کر ہر ادارے کو تباہ کر دیا ہے۔ ای ڈی، سی بی آئی اور انکم ٹیکس جیسے اداروں کا کھلے عام غلط استعمال کیا جا رہا ہے۔ منی پور میں آج تک وزیر اعظم کا نہ جانا یہ ظاہر کرتا ہے کہ قومی سوالات پر وہ کتنی غیر ذمہ داری سے کام کرتے ہیں۔‘‘

کھڑگے نے میٹنگ کے دوران کچھ اہم باتیں بھی پارٹی لیڈران کے سامنے رکھیں۔ انھوں نے کہا کہ ’’تکبر، گناہ اور جھوٹ کی عمر محدود ہوتی ہے۔ ہمارے ہیرو نے سچائی کے راستے پر جدوجہد کا ہمیں جو منتر دیا ہے اسی پر قائم رہتے ہوئے ان (بری طاقتوں) کو جواب دینا ہے۔‘‘ ساتھ ہی کھڑگے نے پارٹی لیڈران و کارکنان سے کہا کہ ’’ہمیں ووٹر لسٹ سے لے کر پولنگ بوتھ کے مائیکرو مینجمنٹ پر خاص توجہ دینی ہوگی۔ گھر گھر جانا پڑے گا۔ مائیگرینٹ ووٹرس کو ووٹ دینے کے لیے بلانا ہوگا۔ ایس سی/ایس ٹی/او بی سی ووٹرس پر خاص توجہ دینی ہوگی۔ ان کے ووٹ کٹنے نہ پائیں، اس کے لیے ضلع الیکٹورل افسر سے لگاتار رابطہ میں رہنا ہوگا۔‘‘

آئندہ لوک سبھا انتخاب کے پیش نظر پارٹی لیڈران کو کچھ اہم تنبیہ بھی کانگریس صدر نے دی۔ انھوں نے کہا کہ سبھی لیڈران کو آپسی نااتفاقی بھول کر ایک ٹیم کی شکل میں کام کرنا ہوگا اور کانگریس کو کامیاب بنانے کے بارے میں سوچنا ہوگا۔ اس مقصد کے لیے پوری طاقت لگانی ہوگی اور پارٹی کے داخلی معاملوں کو میڈیا تک لے جانے سے بچنا ہوگا۔ ساتھ ہی کھڑگے نے کہا کہ ہمیں جو کچھ کرنا ہے، اس کے لیے آئندہ تین مہینے ہی ہمارے پاس ہیں۔ اس دوران رات دن ایک کر کے پارٹی کے لیے جی جان سے کام کرنا ہے۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.