پاکستان نے غزہ میں جنگ زدہ فلسطینی شہریوں کیلئے100 ٹن وزن پر مشتمل کمبل اور خیمے بھجوائے
اسلام آباد ، 27 اکتوبر(یواین آئی) پاکستان نے غزہ میں جنگ زدہ فلسطینی شہریوں کے لیے موسم سرما کے پیش نظر 100 ٹن وزن پر مشتمل کمبل اور خیمے بھجوائے ہیں۔ یہ امدادی سامان اردن کے راستے غزہ جاسکے گا۔ یہ بات پاکستان کے ڈیزاسٹر میجمنٹ سے متعلق ادارے ‘ این ڈی ایم اے ‘ نے بتائی ہے۔ پاکستان غزہ کے جنگی ماحول میں اب تک 1381 ٹن امدادی سامان فلسطینی شہریوں کے لیے غزہ اور لبنان میں بھجوا چکا ہے۔۔ این ڈی ایم اے ‘ نے ہفتے کے روز بتایا ہے کہ امدادی سامان کی تازہ کھیپ ایک سو ٹن پر مبنی ہے۔ جسے اسلام آباد کے بین الاقوامی ایئر پورٹ سے روانہ کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں منعقدہ تقریب میں پاکستان کے لیے فلسطینی اتھارٹی کے سفیر زہیر ایم ایچ دارزاید اور پاکستان کے متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔اس موقع پر فلسطینی سفیر نے دلی شکریہ ادا کیا۔ کہ پاکستان فلسطینیوں کے لیے اپنی غیر متزلزل حمایت کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے اور انسانی بنیادوں پر امداد بھیج رہا ہے۔ این ڈی ایم اے ‘ کی طرف سے اس سلسلے میں جاری کردہ بیان میں کہا گیا ۔ یہ امداد محض انسانی بنیادوں پر نہیں ہے بلکہ ایک طاقتور پیغام ہے جو فلسطینیوں کے لیے پاکستان کے جذبات اور اتحاد کا بھی مظہر ہے۔واضح رہے پاکستان فلسطینیوں کے اصولی موقف اور آزاد فلسطینی ریاست کا شروع سے حامی ہے۔ پاکستان نے اسرائیلی ریاست کو بھی تسلیم نہیں کیا ہے۔