National

نوین پٹنائک حکومت نے میرے قتل کی سازش رچی تھی، وزیر اعلیٰ موہن ماجھی کا بی جے ڈی پر سنگین الزام

29views

اڈیشہ کے وزیر اعلی موہن چرن ماجھی نے بی جے ڈی کی پچھلی حکومت پر سنگین الزامات لگائے ہیں۔ اڈیشہ کے وزیر اعلی موہن ماجھی نے پیر  یعنی24 جون کو دعویٰ کیا کہ پچھلی بی جے ڈی حکومت نے ان کے قتل کی سازش کی تھی۔ تاہم، بی جے ڈی نے سی ایم کے ان الزامات کی تردید کی ہے۔

درحقیقت، موہن چرن ماجھی نے اڈیشہ کے وزیر اعلی کے طور پر حلف لینے کے بعد پیر کو پہلی بار اپنے آبائی ضلع کیونجھر کا دورہ کیا۔ اس دوران وہ اپنے گاؤں رائیکلا بھی گئے۔ اس دورہ کے دوران انہوں  نے نوین پٹنائک پر شدید حملہ کیا۔

وزیر اعلیٰ موہن ماجھی نے کہا کہ انہوں نے اسمبلی میں کئی مسائل اٹھائے ہیں اور 2019 سے 2024 کے درمیان پچھلے پانچ سالوں میں حکومت کو کٹہرے میں کھڑا کیا ہے۔ اکتوبر 2021 میں دو نامعلوم شرپسندوں کی طرف سے ان پر کیے گئے حملے کا ذکر کرتے ہوئے، انہوں نے کہا، “بدلہ لینے کے لیے پچھلی حکومت نے مجھے مارنے کا منصوبہ بنایا تھا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ کیونجھر کے منڈووا میں بم دھماکے سے مجھے مارنے کی کوشش کی، لیکن میں بچ گیا۔ لوگوں کی مہربانی اور خدا نے مجھے بچایا۔”

وزیر اعلیٰ ماجھی نے کہا کہ وہ کسی سے نہیں ڈرتے۔ انہوں نے کہا، “جب ماں تارینی میرے ساتھ ہے، بھگوان بلدیو جی میرے ساتھ ہیں، بھگوان جگن ناتھ میرے ساتھ ہیں، ماں درگا میرے ساتھ ہے اور مجھ پر لوگوں کا آشیرواد ہے، پھر میں کیوں ڈروں ۔” انہوں نے کہا کہ لوگوں نے مجھے نوین پٹنائک کی قیادت والی بی جے ڈی حکومت کے بدعنوان نظام کے خلاف لڑنے کے لیے اسمبلی میں منتخب کیا ہے۔ جب تک اوپروالے کا کرم ہے وہ عوام کے لیے کام کرتے رہیں گے۔

تاہم بی جے ڈی نے وزیر اعلیٰ کے بیان کو افسوس ناک قرار دیا۔ بی جے ڈی لیڈر پرتاپ دیب نے کہا، “وزیر اعلیٰ کو معلوم ہونا چاہئے کہ وہ اب اپوزیشن میں نہیں ہیں۔ اب وہ اڈیشہ کے وزیر اعلیٰ ہیں۔ کوئی بھی بیان دینے سے پہلے انہیں کم از کم یہ سوچنا چاہئے کہ ان کے عہدے کا وقار برقرار ہے۔”

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.