47 کروڑ روپے کا خوں بہا چندہ کے ذریعہ جمع کر کے پیش کی اتحاد کی مثال؛ 20 سال بعد ہوئی ملک واپسی
کوذی کوڈ، 30 مئی: محض 26 سال کی عمر میں ملازمت کے لیے کیرالا سے سعودی عرب جانے والے عبدالرحیم، تقریباً 20 سال وہاں کی جیل میں قید رہنے کے بعد امسال عیدالاضحی کے موقع پر اپنے آبائی شہر کوذی کوڈ واپس آ گئے ہیں۔ ان کی یہ معجزاتی رہائی حالیہ برسوں کی سب سے بڑی انسانی ہمدردی کی مہم کا نتیجہ ہے، جو ریاست کیرالا میں ہندو مسلم اتحاد اور مذہبی ہم آہنگی کی ایک لاجواب اور عظیم مثال بن کر ابھری ہے۔ مقامی سطح پر اب اس پورے واقعے کو حقیقی ’ریئل کیرالا اسٹوری‘ قرار دیا جا رہا ہے۔ عبدالرحیم سعودی عرب میں بطور ڈرائیور کام کرتے تھے۔ ایک سفر کے دوران ان کے سعودی کفیل کے معذور کم عمر بیٹے کی گردن سے منسلک ایک طبی آلہ غلطی سے الگ ہو گیا، جس سے لڑکے کی موت واقع ہو گئی۔ یہ ایک حادثاتی واقعہ تھا، لیکن عبدالرحیم کو گرفتار کر کے 2012 میں سزائے موت سنائی گئی۔ برسوں کی کوششوں کے بعد مقتول کے اہل خانہ انہیں دَیت (خوں بہا) کے بدلے آزاد کرنے پر راضی ہوئے، مگر اس کے لیے 34 کروڑ روپے سے زائد کی خطیر رقم کا مطالبہ کیا گیا، جو عبدالرحیم کے غریب خاندان کے لیے جمع کرنا ناممکن تھا۔ اس مشکل گھڑی میں کیرالا کی ہندو اور مسلم برادری نے مذہب سے بالاتر ہو کر’”سیو عبدالرحیم‘ (Save Abd-ur-Rahman)مہم شروع کی۔ اس مہم میں ملیالی برادری، مزدوروں اور عام لوگوں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ رمضان المبارک میں اس مہم نے غیر معمولی رفتار پکڑی اور شب قدر کے موقع پر صرف 1 دن میں 9 کروڑ روپے جمع ہوئے، جبکہ ایک مرحلے پر صرف 9 منٹ میں 1 کروڑ روپے کے عطیات موصول ہوئے۔ اس عوامی یکجہتی کے نتیجے میں مجموعی طور پر 47 کروڑ روپے سے زائد کی رقم جمع ہو گئی۔ سعودی عدالت نے جولائی 2024 میں عبدالرحیم کی سزائے موت ختم کر دی، تاہم پبلک رائٹس کے تحت انہیں 20 سال کی قید مکمل کرنی پڑی۔ رہائی کے بعد وہ عید سے ٹھیک پہلے ایئر انڈیا کی پرواز سے کالی کٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچے، جہاں ان کے اہل خانہ اور سینکڑوں لوگوں نے تاریخی استقبال کیا۔ گھر پہنچنے پر ان کی ضعیف والدہ فاطمہ اپنے بیٹے کو دیکھ کر آبدیدہ ہو گئیں اور 20 برس بعد عید کے دن اپنے ہاتھوں سے بیٹے کو کھانا کھلایا۔










Users Today : 2266
Users Yesterday : 3172
Users Last 7 days : 18128
Users Last 30 days : 54385
Users This Month : 81577
Users This Year : 997059
Total Users : 4596733