ہومNationalمالیگاؤں بم دھماکہ کیس: بامبے ہائی کورٹ نے چاروں ملزمان کو بری...

مالیگاؤں بم دھماکہ کیس: بامبے ہائی کورٹ نے چاروں ملزمان کو بری کر دیا

31 ہلاکتوں کا سبب بننے والے 2006 کے دھماکوں میں این آئی اے ثبوت پیش کرنے میں ناکام

ممبئی، 22 اپریل:۔ (ایجنسی) بامبے ہائی کورٹ نے 2006 کے مالیگاؤں بم دھماکہ کیس میں اہم پیش رفت کرتے ہوئے چار ملزمان کو بری کر دیا ہے اور خصوصی عدالت کی جانب سے ان پر فردِ جرم عائد کرنے کے فیصلے کو بھی کالعدم قرار دے دیا ہے۔ چیف جسٹس شری چندرشیکھر اور جسٹس شیام چندک پر مشتمل بنچ نے راجندر چودھری، دھن سنگھ، منوہر رام سنگھ نرواریا اور لوکیش شرما کی اپیلیں منظور کر لیں۔ تفصیلی فیصلہ بعد میں جاری کیا جائے گا۔

یہ چاروں ملزمان پر بھارتی تعزیرات ہند کے تحت قتل اور مجرمانہ سازش کے الزامات کے ساتھ ساتھ غیر قانونی سرگرمیاں (انسداد) ایکٹ کے تحت بھی مقدمات درج تھے۔ واضح رہے کہ 8 ستمبر 2006 کو مالیگاؤں میں چار بم دھماکے ہوئے تھے، جن میں تین حمیدیہ مسجد اور بڑا قبرستان کے احاطے میں نمازِ جمعہ کے فوراً بعد جبکہ چوتھا مشاورت چوک میں ہوا تھا۔ ان دھماکوں میں 31 افراد ہلاک اور 312 زخمی ہوئے تھے۔
ابتدائی طور پر انسداد دہشت گردی اسکواڈ نے اس کیس کی تحقیقات کرتے ہوئے 9 مسلم نوجوانوں کو گرفتار کیا تھا، تاہم بعد میں نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی نے کیس سنبھالا اور دعویٰ کیا کہ دھماکوں میں دائیں بازو کے انتہا پسند عناصر ملوث ہیں، جس کے بعد ان چار افراد کو گرفتار کیا گیا۔ اس سے قبل خصوصی عدالت 9 مسلم ملزمان کو بری کر چکی تھی، جبکہ گزشتہ سال ستمبر میں انہی چار ملزمان کے خلاف فرد جرم عائد کی گئی تھی۔ بعد ازاں انہوں نے ہائی کورٹ سے رجوع کیا۔
ہائی کورٹ نے جنوری میں ابتدائی سماعت کے دوران کیس میں مداخلت کی ضرورت کو تسلیم کرتے ہوئے ٹرائل کورٹ کی کارروائی پر روک لگا دی تھی۔ ملزمان کا مؤقف تھا کہ این آئی اے ان کے خلاف کوئی ٹھوس ثبوت پیش کرنے میں ناکام رہی ہے۔ عدالت کے حالیہ فیصلے کے بعد یہ کیس ایک بار پھر بحث کا موضوع بن گیا ہے۔

Jadeed Bharat
Jadeed Bharathttps://jadeedbharat.com
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.
مقالات ذات صلة
- Advertisment -
Google search engine

رجحان ساز خبریں

احدث التعليقات