کوشامبی: اتر پردیش کے کوشامبی میں پٹاخے بنانے والی فیکٹری میں خوفناک دھماکہ ہوا ہے۔ دھماکے کے بعد لگنے والی آگ میں چار افراد ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ متعدد افراد شدید جھلس گئے ہیں۔ زخمیوں کو ایمبولینس کی مدد سے ضلع اسپتال مانجھن پور بھیجا گیا ہے، جہاں کچھ کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔
آخری اطلاع موصول ہونے تک پولیس اور گاؤں والوں کی مدد سے آگ پر قابو پانے کی کوشش کی جا رہی تھی۔ معاملہ کوکھراج تھانہ علاقہ کے بھرواری کا ہے جہاں پٹاخہ فیکٹری میں خوفناک دھماکے کے بعد لگنے والی آگ میں اب تک 4 لوگوں کی موت ہو چکی ہے۔ اس حادثے میں مرنے والوں کی شناخت شیو نارائن، کوثر علی، شاہد علی اور ایک دیگر کے طور پر کی گئی ہے۔ فیکٹری کے مالک کا نام شرافت علی بتایا جاتا ہے۔
کوشامبی کے ایس پی برجیش کمار سریواستو نے بتایا کہ بھرواری کی پٹاخہ فیکٹری میں لگنے والی آگ میں چار لوگوں کی موت ہو گئی ہے اور کچھ زخمی ہیں، جب کہ کچھ کی حالت تشویشناک بھی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پٹاخوں کی یہ فیکٹری رہائشی علاقے سے بہت دور ہے، اس لیے رہائشی علاقے میں کوئی نقصان نہیں ہوا، صرف وہاں کام کرنے والے افراد ہلاک یا زخمی ہوئے ہیں۔ فیکٹری مالک کے پاس پٹاخے بنانے اور فروخت کرنے کا لائسنس ہے۔









Users Today : 2266
Users Yesterday : 3172
Users Last 7 days : 18128
Users Last 30 days : 54385
Users This Month : 81577
Users This Year : 997059
Total Users : 4593235