نئی دہلی: حزب اختلاف کے ارکان پارلیمنٹ نے دونوں ایوانوں سے 140 سے زیادہ ارکان پارلیمنٹ کی معطلی کے خلاف پارلیمنٹ ہاؤس سے وجے چوک تک احتجاجی مارچ نکالا۔ ارکان پارلیمنٹ نے یہ مارچ راجیہ سبھا میں رہنما حزب اختلاف ملکارجن کھڑگے کی سربراہی میں کیا۔ اپوزیشن ارکان پارلیمنٹ کے ہاتھوں میں ایک بینر تھا جس پر یہ ‘جمہوریت بچاؤ’ لکھا گیا تھا۔
کانگریس کے صدر ملکارجن کھڑگے نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ پارلیمنٹ سے متعلق موضوعات پر ایوان کے باہر خطاب کر رہے ہیں جو استحقاق کی خلاف ورزی کا معاملہ ہے۔ انہوں نے کہا ، “ہم معطلی کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں۔ حکومت اور مودی جی نہیں چاہتے ہیں کہ ایوان چلے۔‘‘
کھڑگے نے مزید کہا کہ لوک سبھا میں ہم پارلیمنٹ کی حفاظت کی خلاف ورزی سے متعلق موضوع کو اٹھانا چاہتے تھے کہ ایسا کیوں ہوا، یہ کیسے ہوا اور اس کا ذمہ دار کون ہے؟ ہم چاہتے تھے کہ حکومت ایوان کو اس کے بارے میں بتائے۔ وزیر اعظم اور وزیر داخلہ دونوں ایوان میں نہیں آئے۔ انہیں جو باتیں ایوان میں کرنی چاہئیں وہ باہر کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حزب اختلاف کے رہنما معطلی کے معاملے پر جمعہ کے روز جنتر منتر پر احتجاج کریں گے۔
خیال رہے کہ ایوان میں حکومت سے جواب کا مطالبہ کرنے پر لوک سبھا اور راجیہ سبھا سے 143 ممبران پارلیمنٹ کو معطل کر دیا گیا ہے۔









Users Today : 234
Users Yesterday : 161
Users Last 7 days : 781
Users Last 30 days : 781
Users This Month : 767
Users This Year : 781
Total Users : 4562324