نئی دہلی، 18 مئی (یو این آئی) کانگریس جنرل سکریٹری اور راجیہ سبھا ایم پی رندیپ سنگھ سرجیوالا نے نیٹ 2026 پیپر لیک معاملے میں مرکزی حکومت کی سخت نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کا امتحان کا نظام پوری طرح سے تعلیمی مافیا کے سامنے گھٹنے ٹیک چکا ہے اور ہونہار طلباء کے مستقبل کی ”سرعام نیلامی“ ہو رہی ہے مسٹر سرجیوالا نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا کہ گزشتہ ایک دہائی میں کئی بڑے امتحانی گھوٹالے سامنے آئے ہیں، جن میں 2013 کا ویاپم گھوٹالہ، 2018 ایس ایس سی گھوٹالہ، 2021 یوپی۔ٹیٹ گھوٹالہ، ریٹ گھوٹالہ، 2022 بی پی ایس سی گھوٹالہ اور 2024 یو جی سی۔نیٹ گھوٹالہ شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان واقعات نے ثابت کر دیا ہےکہ پیپر لیک اب صرف انتظامی چوک نہیں، بلکہ نظام کا ”نیا معمول“ بن چکا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ 2024 کے نیٹ گھوٹالے سے کوئی سبق نہیں لیا گیا اور 2026 میں بھی وہی صورتحال دہرائی گئی۔ مسٹر سرجیوالا نے کہا کہ لاکھوں طلباء آج انصاف کے مطالبے کے حق میں سڑکوں پر اترنے پر مجبور ہیں۔ کانگریس رہنما نے وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان سے اخلاقی ذمہ داری لیتے ہوئے استعفیٰ کا مطالبہ کیا ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے سوال اٹھایا کہ کروڑوں روپے لے کر ملک کے مستقبل سے کھلواڑ کرنے والے ”سفید پوش آقاؤں“ پر کارروائی کب ہوگی ۔انہوں نے کہا کہ یہ گڈ گورننس نہیں، بلکہ نوجوانوں کے ساتھ ”سرکاری سرپرستی میں دھوکہ دہی“ ہے اور ملک کا نوجوان اب اس ذہنی اذیت کو مزید برداشت نہیں کرے گا۔








Users Today : 2266
Users Yesterday : 3172
Users Last 7 days : 18128
Users Last 30 days : 54385
Users This Month : 81577
Users This Year : 997059
Total Users : 4595440