نئی دہلی، 18 مئی (یو این آئی) وزیراعظم نریندر مودی نے پیر کو سینئر کانگریس رہنما وی ڈی ستیشن کو کیرالہ کے وزیراعلیٰ کے طور پر حلف لینے پر مبارکباد دی اور نئی ریاستی حکومت کو مرکز کی جانب سے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔مسٹر مودی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ کیرالہ کے وزیراعلیٰ کے طور پر حلف لینے پر مسٹر وی ڈی ستیشن جی کو مبارکباد۔ ان کی مدت کار کے لیے میری نیک خواہشات۔ مرکز حکومت لوگوں کی امنگوں کو پورا کرنے میں نئی کیرالہ حکومت کو ہر ممکن تعاون کا یقین دلاتی ہے۔قابل ذکر ہے کہ کانگریس رہنما ستیشن نے آج کیرالہ کے نئے وزیراعلیٰ کے طور پر حلف لیا۔ ان کے ساتھ 20 دیگر ارکان اسمبلی کو بھی وزیر کے عہدے کا حلف دلایا گیا۔ ان تمام کو یہاں سینٹرل اسٹیڈیم میں منعقدہ تقریب میں گورنر راجیندر وشواناتھ آرلیکر نے رازداری کا حلف دلایا۔وزارت کے عہدے کا حلف لینے والوں میں کانگریس کے سینئر رہنما رمیش چینیتھلا اور کے مرلیدھرن، کے پی سی سی سربراہ سنی جوزف، انڈین یونین مسلم لیگ (آئی یو ایم ایل) کے رہنما پی کے کن علی کٹی شامل ہیں۔ ان کے علاوہ پی کے بشیر، این شمس الدین، کے ایم شاجی اور وی ای عبدالغفور، ایم جوزف، شیبو بیبی جان، انوپ جیکب، سی پی جان، اے پی انل کمار، ٹی صدیقی، پی سی وشنوناتھ، روزی ایم جان، بندو کرشنا، ایم لیجو، کے اے تلسی اور او جے جنیش نے بھی وزیر کے عہدے کا حلف لیا۔ اس کابینہ میں تجربہ کار رہنماؤں کے ساتھ ساتھ پہلی بار وزیر بننے والے کئی چہروں کو جگہ دی گئی ہے، جو اتحاد کے اندر سینیئرٹی اور نئے چہروں کے درمیان ایک توازن کو دکھاتا ہے۔حلف لینے کے بعد مسٹر ستیشن اور ان کی 20 رکنی کابینہ راج بھون پہنچی، جہاں مسٹر آرلیکر نے نئے وزراء کے اعزاز میں روایتی چائے پارٹی کا اہتمام کیا۔ گورنر ہاؤس میں ہونے والے اس پروگرام میں سینئر سیاستدان، اتحاد کے نمائندے، ارکان اسمبلی اور کئی دیگر معززین شامل ہوئے۔
حلف برداری کی تقریب میں لوگوں کا بھاری ہجوم امڈ پڑا۔ کانگریس کی قیادت والے اس محاذ کی اقتدار میں واپسی کا گواہ بننے کے لیے یونائیٹڈ ڈیموکریٹک فرنٹ (یو ڈی ایف) کے ہزاروں کارکنان اور حامی راجدھانی میں جمع ہوئے تھے۔ لیفٹ ڈیموکریٹک فرنٹ (ایل ڈی ایف) کی لگاتار دو مدت کار کے بعد کیرالہ میں ہوئے اس بڑے سیاسی متبادل کے موقع پر کانگریس اور اس کی حلیف جماعتوں کے قومی و ریاستی سطح کے رہنما بھی موجود رہے۔نو منتخب یو ڈی ایف حکومت کی پہلی کابینہ میٹنگ پیر کو ہی مسٹر ستیشن کی صدارت میں ہونے کا امکان ہے۔ عہدہ سنبھالتے ہی نئی حکومت نے کام شروع کر دیا ہے، اس لیے اس میٹنگ کے دوران کئی اہم انتظامی اور پالیسی فیصلوں پر تبادلہ خیال ہو سکتا ہے۔ذرائع کے مطابق اس پہلی کابینہ میٹنگ سے کچھ ابتدائی اعلانات ہونے کی امید ہے۔ ان میں حکومت کی ترجیحات، انتظامی ردوبدل، عوامی بہبود کی اسکیموں، اقتصادی معاملات اور یو ڈی ایف کے انتخابی منشور میں کیے گئے اہم وعدوں کو نافذ کرنے جیسے مسائل پر بات چیت ہو سکتی ہے۔ ساتھ ہی حکومت ریاست کے فوری مسائل پر غور و خوض کرے گی اور اپنے پہلے مرحلے کے کام کاج کا خاکہ تیار کرے گی۔یو ڈی ایف نے کیرالہ اسمبلی انتخابات میں فیصلہ کن جیت حاصل کر کے ایل ڈی ایف حکومت کے دس سال کے دور اقتدار کو ختم کر دیا ہے، جس سے اب مسٹر ستیشن کی قیادت میں ریاست میں ایک نیا سیاسی باب شروع ہو گیا ہے۔








Users Today : 2266
Users Yesterday : 3172
Users Last 7 days : 18128
Users Last 30 days : 54385
Users This Month : 81577
Users This Year : 997059
Total Users : 4595441