ہومNationalآرمی اسپتال کی امراض چشم پر تحقیق سے متعلق بین الاقوامی کانفرنس

آرمی اسپتال کی امراض چشم پر تحقیق سے متعلق بین الاقوامی کانفرنس

نئی دہلی، 08 مئی (یو این آئی) فوج کے ریسرچ اینڈ ریفرل (آر آر)اسپتال کا شعبہ چشم، آل انڈیا آپتھلمولوجیکل سوسائٹی کے تعاون سے ہفتہ کو یہاں پہلی بین الاقوامی امراض چشم ریسرچ کانفرنس کا انعقاد کر رہا ہے، جس کا افتتاح وزیر مملکت برائے دفاع سنجے سیٹھ کریں گے۔ وزارتِ دفاع نے جمعہ کو بتایا کہ دو روزہ تعلیمی پروگرام دہلی کنٹونمنٹ کے مانک شا سینٹر میں منعقد ہوگا اور اس کا موضوع “آل انڈیا آپتھلمولوجیکل سوسائٹی – آرمڈ فورسز آپتھلمولوجی اپڈیٹ” ہے۔ اس موقع پر چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل انل چوہان، تینوں افواج کے سربراہان اور سکریٹری دفاع بھی موجود ہوں گے۔ اس پروگرام میں ملک بھر سے تقریباً 200 ممتاز ماہرین چشم کے ساتھ ساتھ فوجی شعبے کے بہترین ماہرین چشم شرکت کریں گے۔کانفرنس میں شعبہ چشم کے تمام بڑے ذیلی شعبوں میں ہونے والی تازہ ترین پیشرفت سمیت اس موضوع کے وسیع پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ اس تقریب میں آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمز)، پوسٹ گریجویٹ انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل ایجوکیشن اینڈ ریسرچ، ایل وی پرساد آئی انسٹی ٹیوٹ، شنکر نیترالیہ اور اروند آئی کیئر سسٹم جیسے اداروں سے 100 سے زیادہ ممتاز فیکلٹی ممبران حصہ لیں گے۔پروگرام میں بین الاقوامی شہرت یافتہ دو ماہرین چشم – پروفیسر ہرمندر سنگھ دووا اور ڈاکٹر کولن سیانگ ہوئی ٹین – بھی شریک ہوں گے۔ پروفیسردووا آنکھوں کے کیمیائی زخموں پر اپنی اہم تحقیق اور “دووا لیئر” کی تاریخی دریافت کے لیے دنیا بھر میں مشہور ہیں، جس نے کارنیا کی ساخت کے مطالعے میں اہم تبدیلیاں کی ہیں۔ ڈاکٹر ہوئی ٹین نیشنل ہیلتھ کیئر گروپ آئی انسٹی ٹیوٹ کے فنڈس امیج ریڈنگ سینٹر کے سربراہ ہیں اور ریٹینا امیجنگ، ذیابیطس کی وجہ سے ہونے والی بینائی کی خرابی اور مصنوعی ذہانت (اے آئی ) پر مبنی آنکھوں کی تشخیص میں اپنی مہارت کے لیے جانے جاتے ہیں۔یہ کانفرنس ملک بھر کے نوجوان ماہرین چشم کے لیے اپنی صلاحیتوں کے اظہار اور ماہرین سے سیکھنے کا ایک بہترین پلیٹ فارم ثابت ہوگی۔ اس کا مقصد شعبہ چشم کے میدان میں شہری اور فوجی تعاون کو بامعنی طریقے سے فروغ دینا ہے۔

Jadeed Bharat
Jadeed Bharathttps://jadeedbharat.com
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.
مقالات ذات صلة
- Advertisment -
Google search engine

رجحان ساز خبریں

احدث التعليقات