نئی دہلی، 15 اپریل (یواین آئی)ملک کی مجموعی برآمدات (اشیاء اور خدمات ملا کر) اپریل تا مارچ 2025-26 کے دوران اندازاً 860.09 ارب امریکی ڈالر کی نئی ریکارڈ سطح تک پہنچ گئی ہیں۔منسٹری آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق 31 مارچ 2026 کو ختم ہونے والے مالی سال میں کل برآمدات میں مشکل حالات کے باوجود سالانہ بنیاد پر 4.22 فیصد اضافے کا اندازہ ہے۔ اس سے پہلے مالی سال 2024-25 میں 825.26 ارب ڈالر کی اشیاء اور خدمات برآمد کی گئی تھیں۔مالی سال 2025-26 کے دوران ہندوستان سے اشیاء کی مجموعی برآمدات 441.78 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں، جبکہ مالی سال 2024-25 میں یہ 437.70 ارب ڈالر تھیں، اس طرح ان میں 0.93 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔گزشتہ مالی سال کے آخری مہینے مارچ 2026 میں 38.92 ارب امریکی ڈالر کی مالیت کی اشیاء برآمد کی گئیں۔وزارت نے ایک بیان میں کہا کہ یہ کامیابی برآمدات میں مسلسل رفتار اور عالمی تجارت میں ہندوستان کی مضبوط ہوتی موجودگی کی عکاسی کرتی ہے۔



