حیدرآباد، 27 اپریل (یو این آئی) تلنگانہ میں اقلیتی فلاح کے وزیر محمد اظہرالدین اور پروفیسر ایم۔ کودنڈرام نے پیر کے روز گورنر کے کوٹے سے قانون ساز کونسل (ایم ایل سی) کے رکن کے طور پر حلف لیا۔قانون ساز کونسل کے چیئرمین گُٹّا سُکھندر ریڈی نے کونسل ہال میں انہیں عہدے کا حلف دلایا۔ اس تقرری کو ریاست میں کانگریس حکومت کو مضبوط بنانے اور وزیر اظہرالدین کی مدتِ کار کے تسلسل کو یقینی بنانے کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔اتوار کو گورنر شیو پرتاپ شکلا نے پروفیسر کودنڈرام اور اظہرالدین کو قانون ساز کونسل کے لیے نامزد کیا جو گورنر کوٹے کے تحت طویل عرصے سے زیر التوا سیاسی تقرری کے عمل کی تکمیل کی علامت ہے۔آئین کے آرٹیکل 171(3)(ای) کے تحت یہ نامزدگی سابق ارکان ڈی راجیشور راؤ اور فاروق حسین کی مدت ختم ہونے کے بعد 27 مئی 2023 کو پیدا ہونے والی خالی نشستوں کو پُر کرنے کے لیے کی گئی۔حلف برداری کی تقریب میں وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی، اسمبلی کے نائب اسپیکر بندا پرکاش مُدیرج، پی سی سی صدر مہیش گوڑ، وزراء ڈی شری دھر بابو اور جی۔ وویک وینکٹ سوامی، رکن پارلیمنٹ ویم نریندر ریڈی کے علاوہ سرکاری وہپ، ایم ایل سی اور اراکین اسمبلی بھی موجود تھے۔ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور موجودہ اقلیتی فلاح کے وزیر محمد اظہرالدین کے لیے 30 اپریل تک کا وقت نہایت اہم تھا کیونکہ وزیر بننے کے چھ ماہ کے اندر مقننہ کا رکن بننا آئینی طور پر ضروری تھا۔ ان کی چھ ماہ کی مدت 30 اپریل کو مکمل ہو رہی ہے۔
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.